حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر قم المقدسہ میں واقع مسجد اعظم حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں، 20 اکتوبر 2026ء کو حجۃ الاسلام والمسلمین سید عرفان مہدی زیدی کی تقرری کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر انہیں مسجد اعظم حرم مطہر قم کے ارتباطات و بین الاقوامی امور کے سربراہ اور نائب التولیہ و مدیر مسجد اعظم حجۃ الاسلام والمسلمین حسین احمدی قمی کا مشیرِ بین الاقوامی امور مقرر کیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ اس موقع پر مسجد اعظم کی علمی، دینی اور تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی اور اس کے علمی و ثقافتی روابط کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

مسجد اعظم حرم مطہر قم کی علمی و تاریخی اہمیت
مسجد اعظم کے کتب خانے کے مدیر نے اپنے خطاب میں اس مسجد کی تاریخ بیان کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اعظم شیعہ مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ سید حسین طباطبائی بروجردی (قدس سره) کے حکم پر تعمیر کی گئی یادگار مسجد ہے۔ یہ مسجد حوزہ علمیہ قم کی علمی اور معنوی زندگی میں اہم مقام رکھتی ہے، جہاں درسِ خارج سمیت اعلیٰ دینی تعلیم کے دروس منعقد ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آیت اللہ العظمیٰ بروجردی نے 1323 ہجری شمسی میں مسجد اعظم کی تعمیر کا ارادہ کیا تھا۔ ان کے انتقال کے بعد ان کے فرزند نے مسجد کی تکمیل کا کام آگے بڑھایا۔ اسی سال مسجد اعظم کےعظیم کتب خانے کا افتتاح بھی عمل میں آیا۔جس میں ٨٠٠٠ خطی نسخے موجود ہیں -

نائب التولیہ و مدیر مسجد اعظم کا اظہارِ تشکر
نائب التولیہ و مدیر مسجد اعظم قم حجۃ الاسلام والمسلمین حسین احمدی قمی حفظه الله نے سید عرفان مہدی زیدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ ذمہ داری قبول کرکے تعاون کا مظاہرہ کیا ہے، جس کے لیے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سید عرفان مہدی زیدی ایک مدت تک مختلف ممالک سے آنے ہوے جامعه المصطفی میں زیر تعلیم طلاب کے فرزندان کے تعلیم و تربیت کیلئے مدرسے کی تأسیس اور ٩ سال تک مدیریت کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں اور دوسرے بھی فرہنگی فلاحی امور انجام دیتے آرہے ہیں جس میں صندوق قرض الحسنہ جو طلاب ایرانی و غیر ایرانی شامل ہیں نمایاں اور قابل تحسین کام ہے انہیں اس میدان میں تجربہ حاصل ہے۔ امید ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور تجربات سے مسجد اعظم کے بین الاقوامی روابط کو مضبوط بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
تقریب کے دوران حجۃ الاسلام والمسلمین آقای ترابی مدظله العالی مسؤل دفتر آیت الله علوی بروجردی تولیت محترم مسجد اعظم نے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا عرفان مہدی زیدی کی تقرری کے سلسلے میں حکم نامہ پیش کیا

سید عرفان مہدی زیدی کا عزم
اپنی گفتگو میں حجۃ الاسلام والمسلمین سید عرفان مہدی زیدی نے تمام شرکاء اور ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داری کو احسن طریقے سے انجام دینے کی کوشش کریں گے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ شخصیات اور اداروں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی امور کے شعبے میں جو بھی پروگرام ترتیب دیے جائیں گے، ان میں علماء، اساتذہ اور دیگر متعلقہ شخصیات کے تعاون کو اہمیت دی جائے گی۔ ہم مشترکہ کوششوں کے ذریعے علمی و ثقافتی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے اور اس ذمہ داری کے تقاضوں کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔

مسجد اعظم ,حرم مطهر حضرت معصومه سلام الله علیها قم، جو آیت اللہ العظمیٰ بروجردی( قدس سره ) کی اہم علمی و دینی یادگار ہے، حوزہ علمیہ قم کے نمایاں مراکز میں شمار ہوتی ہے۔ اس مسجد کے بین الاقوامی روابط کو وسعت دینے کا مقصد معارفِ اسلام اور مکتب اہل بیت علیہم السلام کی ترویج کے ساتھ دنیا بھر کے علمی و ثقافتی اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔










آپ کا تبصرہ