حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ حسینیہ بڑا گاؤں گھوسی میں منعقدہ ’’حسینی تبلیغی مشن‘‘ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ امام جعفر صادقؑ جکے سربراہ اور صدر امام بارگاہ جونپور، مولانا سید صفدر حسین زیدی نے نمائندہ ولی فقیہ ہند حجۃ الاسلام و المسلمین عبدالمجید حکیم الٰہی اور دیگر معزز شخصیات کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بڑا گاؤں گھوسی ایک مجاہد پرور سرزمین ہے جو علم، تقویٰ اور ولایت اہل بیتؑ کے نور سے منور ہے اور یہاں ولایت فقیہ کی ترویج کے حوالے سے بھی اہم دینی خدمات انجام دی جاتی رہی ہیں۔
انہوں نے پروگرام کے صدر مولانا ناظم علی خیرآبادی، پروگرام کے محرکِ اعظم مولانا ابن حسن املوی، مولانا محمد حجت، مدرسہ حسینیہ کے فعال نوجوان مولانا کاظم حسین مظہری، علامہ شمشیر علی مختاری، امام جمعہ گھوسی مولانا احمد عباس، حجۃ الاسلام والمسلمین مظاہر حسین، امام جمعہ مبارکپور مولانا عرفان عباس اور مولانا شفقت تقی سمیت تمام علماء و شخصیات کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی شرکت پر اظہارِ تشکر کیا۔
ہندوستان و ایران کے تعلقات کے استحکام پر اظہارِ امید
انہوں نے کہا کہ نمائندے ولی فقیہ ہند حجۃ الاسلام و المسلمین عبدالمجید حکیم الاہی کی ہندوستان میں انجام دی جانے والی خدمات اور بصیرت افروز کردار کے پیش نظر یہ امید ہے کہ ان کی بابرکت موجودگی سے ہندوستان اور ایران کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے تمام مؤمنین، بالخصوص بڑا گاؤں گھوسی مئو کے اہم مسائل بھی ان شاء اللہ حل ہوں گے۔
مرحوم علماء و دینی شخصیات کو خراجِ عقیدت
مولانا سید صفدر حسین زیدی نے مدرسہ حسینیہ اور علاقے کی دینی خدمات میں نمایاں کردار ادا کرنے والی مرحوم شخصیات کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مدرسہ حسینیہ کے بانی، مدرسے کی توسیع میں اہم کردار ادا کرنے والے آیت اللہ سید راحت حسین رحمۃ اللہ علیہ اور ماضی قریب میں مدرسہ حسینیہ کی پرورش و ترقی کے ساتھ پورے علاقے کو اپنی خدمات سے فیض پہنچانے والے مرحوم محمد مہدی مختاری رحمۃ اللہ علیہ کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔
انہوں نے دیگر مرحوم و مغفور علماء، مدرسین، ذاکرین اور دین و عزاداری کے خدمت گزاروں کو بھی یاد کرتے ہوئے حاضرین سے ان کے لیے سورۂ فاتحہ کی درخواست کی۔
مولانا سید صفدر حسین زیدی نے آخر میں تمام علماء، دانشوران، مہمانان اور شرکائے اجتماع کا شکریہ ادا کیا جن کی شرکت سے یہ نورانی محفل رونق افروز ہوئی۔









آپ کا تبصرہ