۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
مولانا سید حامد علی زیدی

حوزہ/ مولانا حامد علی زیدی ابن حشمت علی زیدی اچانک حرکتِ قلب بند ہوجانے سے بتاریخ ۲۳؍جولائی بروز جمعہ انتقال فرما گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مولانا حامد علی زیدی ابن حشمت علی زیدی اچانک حرکتِ قلب بند ہوجانے سے بتاریخ ۲۳؍جولائی بروز جمعہ انتقال فرما گئے۔

حجۃ الاسلام الحاج مولانا شیخ ابن حسن املوی واعظ کی فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق، مولانا حامد علی زیدی ابن حشمت علی زیدی ہندوستان میں اترپردیش کے شہر علم و ادب لکھنؤ کے رہنے والے تھے۔کسی مدرسہ اور حوزہ میں باقاعدہ تعلیم حاصل نہیں کی تھی پھر بھی کسی عالم سے کم نہیں تھے ۔شاید پرائیویٹ میں دینی و عصری تعلیم حاصل کی تھی ۔عربی و فارسی اور انگریزی زبان و ادب پر بھر پور عبور حاصل تھا۔

حجۃالاسلام الحاج مولانا سید تصدیق حسین زید پوری واعظ نے بتایا کہ مرحوم مولانا حامد علی زیدی طاب ثراہ کو قرآن مجید اور نہج البلاغہ کے اکثر سورے اور خطبے زبانی یاد تھے۔ مجالس وغیرہ میں بھی کبھی کبھی ذاکری فرماتے تھے۔نہج البلاغہ اور قرآن شناسی وغیرہ پر مبنی برابر علمی و مذہبی پروگراموں کا انعقاد و اہتمام کرتے تھے۔اس طرح تبلیغ ِ دین ِ مبین کا فریضہ بحسن و خوبی انجام دیتے تھے۔حدود ۵۵؍سال کی عمر میں اچانک ہارٹ فیل ہونے سے رحلت فرما گئے۔اور لکھنؤ ہی کے محلّہ مصاحب گنج  میں واقع قبرستان میں سیکڑوں مومنین کی موجودگی میں سپرد لحد کئے گئے۔ رضاً بقضائہ و تسلیماً لامرہ۔

مولانا حامد علی زیدی مرحوم کے پسمان گان میں اہلیہ اور ایک فرزند حجۃ الاسلام مولانا محمد عباس ہیں جو کہ حافظ قرآن ہیں اور حوزۂ علمیہ حضرت ابو طالب ؑ سیتا پور اترپردیش میں درس و تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔اور ایک بھائی احمد علی بھی مولانا ہیں جو کہ لکھنؤ میں ہی رہتے ہیں۔ مولانا حامد علی مرحوم مرحوم نہایت خوش مزاج،ملنسار ،دین و مذہب کے خدمت گزار ،عشق اہل بیتؑ سے سرشار،شہدائے کربلا عزادار تھے۔   پروردگار عالم مرحوم کی مغفرت فرمائے اور جنت میں بلند مقام عنایت فرمائے۔اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل مرحمت فرمائے ۔آمین۔

مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن کا تعزیتی پیغام

مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن (تلنگانہ) ھندوستان   کی جانب سے مولانا مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،اور مرحوم کے جملہ لواحقین و متعلقین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔فقط ۔والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

شریکِ غم

حجۃ الاسلا م والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ
صدر مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن(تلنگانہ) انڈیا
تاریخ :  ۲۴؍جولائی ۲۰۲۱ء

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .