۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
مجلہ علمیہ ’’امیر المومنین ؑ  نمبر‘‘

حوزہ/ حیدرآباد دکن میں ہفت روزہ اخبار ’’ آئینہ‘‘ اردو کے مقدماتی اشاعت کے سلسلہ میں سب سے پہلا خصوصی شمارہ بنام ’’ امیر المومنین ؑ نمبر ‘‘  منصہ ٔ وجود و شہود پر جلوہ گر ہوا اور اس کا اجراء ایک شاندار پر رونق علمی تقریب میں بدست حضرات علمائے کرام عمل میں آیا۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حیدرآباد دکن/ ہندوستان کی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد دکن بتاریخ ۱۷؍ ذی الحجہ مطابق ۲۸؍جولائی بروز بدھ بوقت ۹؍بجے شب شبِ عید غدیر بمقام شبستان ِ قائم ؑ ،نور خان بازار ،عثمان پورہ،حیدرآباد میں ہفت روزہ اخبار ’’ آئینہ‘‘ اردو کے مقدماتی اشاعت کے سلسلہ میں سب سے پہلا خصوصی شمارہ بنام ’’ امیر المومنین ؑ نمبر ‘‘  منصۂ وجود و شہود پر جلوہ گر ہوا اور اس کا اجراء ایک شاندار پر رونق علمی تقریب میں بدست حضرات علمائے کرام عمل میں آیا۔ 

مذکورہ مجلّہ ٔ علمیہ ’’امیر المومنین ؑ نمبر ‘‘  یو ٹی وی نیٹ ورک ( UTVnetwork) کے تحت حجۃالاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ کی مساعی جمیلہ سے شائع ہوا جس کے چیف ایڈیٹرخود حجۃالاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ ،نگران اعلیٰ حجۃالاسلام مولانا ابن حسن واعظ املوی ،اور ایڈیٹر عظمت علی ہیں۔ 

تقریب رسم رونمائی میں حجۃ الاسلام مولانا جواد عابدی،حجۃ الاسلام مولانا عمار حیدرآبادی،حجۃالاسلام مولانا مقصود حسین جعفری ،مولانا معجز رضا،مولانا محمد عباس،مولانا نقی،قاسم عابدی اور دیگر علماء و دانشور حضرات نے شرکت فرمائی اور مجلہ ٔ علمیہ ’’ امیر المومنین ؑ نمبر ‘‘ کے تعلق سے اپنے زرین مشوروں سے نوازا۔

اس موقع پر حاضرین کرام نے مجلّہ ’’ امیر المومنین ؑ نمبر ‘‘ کی پذیرائی و پسندیدگی کا اظہار کیا اور طے پایا کہ اس طرح سے ہر دو ماہ میں خصوصی نمبر شائع کیئے جائیں۔قارئین کرام کی آراء کا احترام کرتے ہوئے فی الحال یو ٹی وی نیٹ ورک ( UTVnetwork)کے ذمہ داران نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ اربعین ِحسینی۱۴۴۳ھ کے موقع پر دوسرا خصوصی شمارہ شائع ہوگا ان شاء اللہ۔جس کے لئے اہل قلم اور شعراء حضرات سے درخواست ہے کہ اپنے اپنےکمپیوٹر کمپوز کردہ مضامین اور منظوم کلام ۲۰؍ محرم الحرام ۱۴۴۳ھ تک اخبار آئینہ اردو کی ای میل آئی ڈی (Aaeinaweekly@gmail.com ) پر ارسال فرمادیں۔حضرات مضمون نگار و شعراء اپنے مضمون اور کلام کے ساتھ اپنا پورا نام و پتہ و موبائیل نمبر اور تصویر بھی ضرور ارسال فرمائیں۔

پروگرام کے اختتام میں حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ امام جمعہ حیدرآباد و صدر مجمع علماء و خطباء حیدرآباد کی صحت و سلامتی اور جلد شفا یابی کے لئے دعا کی گئی نیز مومنین سے بھی دعائے صحت کی اپیل کی گئی کونکہ مولانا اس وقت سخت علیل ہیں اور ہاسپیٹل میں زیر علاج ہیں۔

مذکورہ  بالا مجلہ علمیہ ’’ امیر المومنینؑ نمبر ‘‘ پر حجۃ الاسلام مولانا ڈاکٹر سید ریحان حسن رضوی گوپالپوری صدر شعبۂ اردو و فارسی گرونانک یونیورسٹی،امرتسر ،پنجاب نے ایک مختصر سا تبصرہ تحریر فرمایا ہے جس کو  ہم ذیل میں پیش کرتے ہیں: ۔
’’ یو ٹی وی نے رسالہ امیر المومنین ؑ کے نام سے حضرت علیؑ کی روز جانشینی پر جو خصوصی پیشکش کی ہے اس کی افادیت اور اہمیت کا اندازہ حضرت علیؑ سے محبت کا دم بھرنے والے ہرصاحب بصیرت کو ہے۔امیر المومنین ؑ جریدہ میں جس خوبی سے حضرت علی ؑ کی حیات اور خدمات کا احاطہ کیا گیا ہے وہ قابل مدح ہے۔بالخصوص غدیر کی اہمیت کو نمایاں کرکے رسالہ کے ارکان نے خوشنودی خدا کا سامان مہیا کرایا ہےکیونکہ خدا کی نظر میں غدیر پوشی ناقابل معافی جرم ہے۔

مولانا ابن حسن املوی واعظ،مولانا مظاہر حسین محمدی،مولانا سید رضی پھندیڑوی،مولانا سید غافر رضوی،مولانا مھدی حسن واعظ،مولانا شاھد جمال،مولانا محمد اعظم وغیرہ نے اپنے مضامین میں اور صابر ھمدانی ،نجیب الہ آبادی،سید ابو القاسم،قاسم رضا نے اپنے منظوم کلام میں  حضرت علیؑ کی حیات کے مختلف پہلوؤں کو جس طرح پیش کیا ہے وہ ہماری معلومات میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔بہر حال امیر المومنینؑ رسالہ کی پوری ٹیم نے معیاری مواد شائع کرکے موالیان حیدر کرار کے ذوق کی تسکین اور عوام و خواص کو وسیع مطالعے کی طرف مائل کرنے کی جو کامیاب کوشش کی ہے وہ لائق استحسان ہے‘‘۔  

تقریب رسم رونمائی کی تفصیلی رپورٹ یو ٹی وی نیٹ ورک پر بھی ملاحظہ فرما سکتے ہیں جس کی لنک ذیل میں پیش ہے۔

مجلہ علمیہ ’’امیر المومنینؑ نمبر‘‘

تبصرہ ارسال

You are replying to: .