۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
مولانا محمد صغیر جلال پوری

حوزہ/ مولانا محمد صغیر جلال پوری ممتاز الافاضل ایم،اے  نہایت خوش اخلاق،ملنسار،شریف النفس انسان تھے،اچھے صفات ،اچھے کردار کے مالک تھے ۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا محمد صغیر ممتاز الافاضل جلال پوری کربلائی کے انتقال پرملال پر مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن ہندوستان کے صدر حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛ 

برادران ملت ! السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

انتہائی رنج و غم کے ساتھ یہ خبر وحشت اثر سنی گئی کہ معروف عالم دین مولانا محمد صغیر ابن امام علی ممتاز الافاضل ایم ،اے جلال پوری کربلائی  کا انتقال ہو گیا۔۔انّا للہ و انّا الیہ راجعون۔

ہمارے بزرگ و محترم عزیز دوست حجۃالاسلام مولانا شیخ ابن حسن واعظ املوی کی فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق مولانامحمد صغیر اتر پردیش کے معروف و مشہور مردم خیز علمی و ادبی قصبہ جلال پور کے محلہ کریم پور نگپور ضلع امبیڈکر نگر کے رہنے والے تھے۔ جامعہ ناظمیہ لکھنؤ سے ممتازالافاضل کی سند حاصل کی تھی۔ جامعہ ناظمیہ لکھنؤ سے فراغت کے بعد ۱۳؍سال تک دھولکہ گجرات میں دینی تبلیغی خدمات انجام دی ۔ اس کے بعد وطن آگئے اور حوزۂ علمیہ امام الصادق ؑ کریم پور میں مدرس ہو گئے۔ او ر اس کے بعد قریب چار سال سے محلہ مصطفےٰ آباد کے پاس ایک سرکاری پرائمری اسکول میں گورنمنٹ ٹیچر کی حیثیت سے درس و تدریس کے فرائض انجام دے رہے تھے کہ اسی اثنا میں پیغام اجل آگیا اور دو دن کی مختصر علالت کے بعد آپ اس دار فانی سے رحلت فرما گئے۔سردی ، نزلہ ،زکام اور نیمونیا کی شکایت ہونے پر اکبر پور میں ایک پرائیویٹ اسپتال میں زیر علاج تھے کہ حدود۴۴؍سال کی عمر میں اچانک  ۱۸؍ جولائی بروز اتوار دورانِ علاج دنیا سے رخصت ہو گئے۔ 
۱۹؍ جولائی بروزدوشنبہ ۱۱؍بجے دن میں چھوٹی درگاہ (قبرستان) نگپور میں سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں تدفین عمل میں آئی۔رضاً بقضائہ و تسلیماً لامرہ۔مرحوم کے پسماندگان میں باپ ،اہلیہ،ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں جن میں ایک بیٹی معذور ہے۔

مولانا محمد صغیر جلال پوری ممتاز الافاضل ایم،اے  نہایت خوش اخلاق،ملنسار،شریف النفس انسان تھے،اچھے صفات ،اچھے کردار کے مالک تھے ۔ 

ربِ دو جہان بطفیل امام زمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف مرحوم کو جوار اہل ِ بیت ؑ میں بلند درجات عنایت فرمائے ۔اور جملہ پسماند گان کو صبر جمیل مرحمت فرمائے۔ان مختصر الفاظ کے ساتھ ہم مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن (تلنگانہ) ہندوستان کی جانب سے مولانا مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور تمام لواحقین و متعلقین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں ۔اور قارئین کرام سے مرحوم کی ترویح روح کے لئے سورۂ فاتحہ کی گزارش کرتے ہیں۔فقط۔والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

شریک غم:

حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ
صدر مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن (تلنگانہ) انڈیا
تاریخ :۱۹؍ جولائی ۲۰۲۱ء

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .