حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلا م والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ صدر مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن(تلنگانہ) انڈیا کا حجۃ الاسلام مولانا سید نادر حسین طاب ثراہ کے انتقال پرملال پر ہمدردی کا اظہار جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
برادرانِ ملّت ! السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
سوشل میڈیا کے ذریعہ یہ جان کر سخت صدمہ پہونچا کہ چندن پٹی ،دربھنگہ ،صوبہ بہار انڈیا کے رہنے والے مولانا سید نادر حسین ابن سید شاہد حسین کا وطن سے دور مڈگاسکر( MADAGASCAR,AFRICA) میںبتاریخ ۲۳؍ جون بدھ کے روز ز انتقال ہو گیا۔
انّا للہ و انّا الیہ راجعون۔
ہمارے محترم بزرگ و عزیز دوست الحاج مولانا شیخ ابن حسن املوی واعظ صاحب قبلہ مد ظلہ کی اطلاع کے مطابق مولانا نادر حسین ۱۹۸۴ء میں جامعۃ التبلیغ لکھنؤ میں دینی تعلیم کی تحصیل کی غرض سے داخل ہوئے تھے۔اور ۱۹۹۰ءمیں وہاں سے فارغ التحصیل ہوئے۔اس کے بعد کچھ عرصہ تک گجرات ہندوستان میں محراب و منبر کی خدمات انجام دیں۔پھر وہاں سے خوجہ شیعہ اثناعشری کونسل آف مڈگاسکر کی دعوت پر مڈگاسکر تشریف لے گئے ۔اور سب سے پہلے ماجونگا جماعت ( MAJUNGA)میں مدرسہ میں مدرس کی حیثیت سے مقرر ہوئے ۔تو کبھی کبھی ان سے ملاقات ہوتی رہتی تھی۔کیونکہ میں میوتنانا اور مارووائی ( MAEVATANANA & MAROVOAY)جماعت میں مقامی عالم کی حیثیت سے تھا اور فون کرنے کے لئے ماجونگا جانا آنا رہتا تھا۔پھر وہ انشوئی اور دوسری جماعتوں میں تشریف لے گئے۔آخر کار مڈگاسکر کی راجدھانی انٹناناریو (ANTANANARIVO) میں علاج کے دوران دنیا سے انتقال فرما گئے۔اور وہیں تنناریو میں خوجہ شیعہ اثنا عشری جماعت کی قبرستان میں دفن بھی ہوئے۔ رضاً بقضائہ و تسلیماً لامرہ
مولانا نادر حسین صاحب مرحوم نہایت خوش مزاج،ملنسار ،عالم دین تھے پروردگار عالم مرحوم کی مغفرت فرمائے اور جنت میں بلند مقام عنایت فرمائے۔اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل مرحمت فرمائے ۔آمین۔ ان مختصر الفاظ کے ساتھ ہم مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن (تلنگانہ) انڈیا کی جانب سے مولانا مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،اور مرحوم کے جملہ لواحقین و متعلقین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔فقط ۔والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
شریکِ غم
حجۃ الاسلا م والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ
صدر مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن(تلنگانہ) انڈیا
تاریخ : ۲۶؍جون ۲۰۲۱ء