جمعرات 24 جون 2021 - 19:51
حجۃ الاسلام سید علی عابد طاب ثراہ کی رحلت، ایک دینی ،علمی، تبلیغی اور قدیمی و یادگاری شمع گل ہو گئی

حوزہ/ نہایت بزرگ و معمر عالم و عابدو مبلغ و زاہد ہستی کے انتقال سے علمی دنیا میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ ایک دینی ،علمی، تبلیغی اور قدیمی و یادگاری شمع گل ہو گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید علی عابد صاحب قبلہ کراروی طاب ثراہ کی رحلت پر مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن ہندوستان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
آہ ! حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید علی عابد صاحب قبلہ کراروی طاب ثراہ
ایک دینی ،علمی، تبلیغی اور قدیمی و یادگاری شمع گل ہو گئی
برادران ِ ایمانی ! السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
یہ خبر وحشت اثر سن کر دل و دماغ پر رنج و غم کے گہرے بادل چھا گئے کہ بحر العلوم حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید علی عابد صاحب قبلہ کراروی اب اس دنیا میں نہیں رہے۔انا اللہ و انا الیہ راجعون۔
نہایت بزرگ و معمر عالم و عابدو مبلغ و زاہد ہستی کے انتقال سے علمی دنیا میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ایک دینی ،علمی، تبلیغی اور قدیمی و یادگاری شمع گل ہو گئی۔مولانا علی عابد صاحب قبلہ جنوری ۱۹۳۰ء میں کراری ضلع الہٰ آباد ( اترپردیش)ھندوستان میں پیدا ہوئے تھے۔جامعہ ناظمیہ لکھنؤ  میں کسب علم کرکے ممتاز الافاضل کی سند حاصل کی ۔۱۹۶۴ء میں اعلیٰ دینی تعلیم کی تحصیل کی غرض سے نجف اشرف عراق تشریف لے گئے پانچ سال وہاں تحصیل علوم کر کے واپس وطن آئے۔پھر دو سال موشی تنزانیہ میں تبلیغ کی ۔پھر ۱۹۶۹ء میں نیروبی میں دینی امور انجام دئے ۔۱۹۸۵ء میں وہاں مدرسہ حسینیہ اسلامیہ قائم کیا مگر ۱۹۹۶ء میں یہ مدرسہ بند ہو گیا ۔ا۹۹۷ءمیں آپ لندن چلے گئے اور لندن ہی میں  طویل علالت کے بعد بتاریخ ۲۳؍جون ۲۰۲۱ء کو اس دار فانی سے عالم جاودانی کی طرف رحلت فرما گئے۔ان کے انتقالِ پر ملال سے دیوارِ اسلام میں عظیم رخنہ پیدا ہو گیا جسے قیامت تک پر نہیں کیا جا سکتا۔
پروردگار عالم بحق محمد و آل محمد علیھم السلام مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عنایت فرمائے ۔اور پسماندگان کو صبر جمیل مرحمت فرمائے ۔آمین۔ان مختصر الفاظ کے ساتھ ہم مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے جملہ لواحقین و متعلقین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔فقط والسلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

شریکِ غم
حجۃ الاسلا م والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ
صدر مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن(تلنگانہ) انڈیا
تاریخ :  ۲۴؍جون ۲۰۲۱ء

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .