ہفتہ 19 اپریل 2025 - 08:22
علامہ سید باقر الموسوی کی رحلت نہ صرف خانوادۂ علم بلکہ ملت شیعہ کا عظیم خسارہ ہے: مولانا سید اشرف علی الغروی 

حوزہ/ مرحوم و مغفور منکسر المزاج، خوش کلام تھے اور بے حد سادگی کے ساتھ اپنی زندگی کو دینِ مبین کی خدمت، مکتبِ اہل بیتؑ کی ترویج، معاشرے کی اصلاح اور تصنیف و تالیف میں بسر کی۔ اُن کا وجود علم، تقویٰ اور حلم و اخلاص کا حسین امتزاج تھا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمایندہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی صاحب قبلہ نے حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ آقا سید باقر الموسوی النجفی رحمۃ اللہ علیہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مندرجہ ذیل بیان جاری کیا۔

بسم الله الرحمن الرحيم

إِنَّا لِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

نہایت افسوس اور غم واندوہ کے ساتھ یہ خبر موصول ہوئی کہ عالم با عمل حجۃ الاسلام والمسلمین جناب علامہ آقا سید باقر الموسوی صاحب قبلہ اس دارِ فانی سے دارالبقاء کی طرف کوچ فرما گئے۔

مرحوم و مغفور منکسر المزاج، خوش کلام تھے اور بے حد سادگی کے ساتھ اپنی زندگی کو دینِ مبین کی خدمت، مکتبِ اہل بیتؑ کی ترویج، معاشرے کی اصلاح اور تصنیف و تالیف میں بسر کی۔ اُن کا وجود علم، تقویٰ اور حلم و اخلاص کا حسین امتزاج تھا۔ منبرِ حسینی پر اُن کی گرجدار آواز، مجالسِ عزا میں ان کی پراثر تقاریر اور علومِ اہل بیتؑ کی روشنی بانٹنے والی تحریریں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کے رہن سہن سے علماء نجف کی خوشبو محسوس ہوتی تھی۔

حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ آقا سید باقر الموسوی رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت نہ صرف خانوادۂ علم بلکہ ملت شیعہ کا ایک عظیم خسارہ ہے۔

اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا ہے کہ مرحوم کو جوارِ معصومین علیہم السلام میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان، وابستگان، شاگردان اور عقیدت مندان کو صبرِ جمیل و اجرِ جزیل مرحمت فرمائے۔

والسلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

سید اشرف علی الغروی

باب النجف، سجاد باغ کالونی، لکھنؤ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha