حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن (تلنگانہ، ہندوستان) کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ نے بنگلہ دیش میں ہندو اقلیت پر ہونے والے مظالم کو انسانیت سوز اور نہایت افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کسی بھی بے گناہ انسان پر ظلم و زیادتی کی ہرگز اجازت نہیں دیتا، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب یا قوم سے ہو۔
بیان کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
برادران ایمانی ! السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
قرآن کی سورہ المائدہ میں ارشاد ہوا ہے:مَنْ قَتَلَ نَفْسًا بِغَيْرِ نَفْسٍ أَوْ فَسَادٍ فِي الْأَرْضِ فَكَأَنَّمَا قَتَلَ النَّاسَ جَمِيعًا(5:32) ۔ یعنی جو شخص کسی کو قتل کرے، بغیر اس کے کہ اُس نے کسی کو قتل کیا ہو یا زمین میں فساد برپا کیا ہو توگویا اُس نے سارے آدمیوں کو قتل کرڈالا‘‘۔
آج کل اسلامی دنیا میں کھلے عام شیطان بزرگ کی اطاعت و پیروی کی جارہی ہے۔مسلم ممالک میں بےحیائی و بے شرمی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ انھیں اسلامی اصولوں کا کوئی لحاظ و پاس نہیں رہ گیا ہے۔غز ہ و فلسطین کے اپنے مظلوم و ستم رسیدہ مسلمان بھائیوں کی مدد کرنے کے بجائے اسرائیل کی قربت و صحبت میں مگن ہیں۔شام میں جو قابض دہشت گرد نام نہاد حکمران شیعہ مسلمان بھائیوں پر ظلم کر رہے ہیں ان پر کوئی مسلمان حکمران کچھ بولنے کے لئے تیار نہیں ہے۔لبنان میں حزب اللہ کو بجائے تقویت پہونچانے کے نہتھے ،بے بس اور مزاحمتی طاقت سلب کرنے میں لگے ہیں۔ایک غیور اور سچا اسلامی ملک ایران جب دنیا بھر کے اپنے دینی و اسلامی مظلوم بھائیوں کی مدد کرتا ہے تو اس کی راہ میں طرح طرح کی رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں۔بنگلہ دیش میں بھی جو لوگ ہندو اقلیت پر ظلم کر رہے ہیں یہ وہی ہیں جو غزہ و فلسطین کے مظلوموں کے قتل عام پر خاموش یا راضی ہیںاور شام میں عالمی دہشت گرد ’’جولانی‘‘ کی ظالمانہ حکمرانی کے حامی و طرفدار ہیں۔بعض عرب ممالک جیسے یو اے ای وغیرہ جو اپنے ملکوں میں ہندومندر تو بنوا دیتے ہیں ہندوؤں کے پوجا پاٹ کا اہتمام بھی کرتے ہیں مگر بنگلہ دیش جیسے ملکوں میں ہندواقلیت پر ہو رہے ظلم و ستم پراندھے گونگے اور بہرےبن جاتےہیں۔
مجمع علماءوخطباء حیدرآباد(تلنگانہ) انڈیا کی جانب سے ہم بنگلہ دیش میں ہو رہے بے قصور ہندو افراد پرناروا مظالم کی سخت مذمت کرتے ہیں اور اسے انسانیت سوز ظلم قرار دیتے ہیں اس لئے کہ قرآن مجید میں کسی ایک بے قصور انسان کے قتل کو گویا پوری دنیا کا قتل کہا گیا ہے۔
خداوند عالم تمام مسلمانوں کو اسلام کے آفاقی اصولوں پر عمل کرنے کی توفیق مرحمت فرمائے۔اور تمام مسلمانوں میں اسلامی اخوت اور وحدت پیدا فرمائے۔آمین ۔ فقط والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
خیر اندیش
(حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا ) علی حیدر فرشتہ
بانی و سرپرستِ اعلیٰ مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن (تلنگانہ)
۲۳؍دسمبر ۲۰۲۵ء









آپ کا تبصرہ