حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ بنگلہ دیش میں ہندو اقلیتوں پر ہو رہے ظلم کے خلاف لکھنؤ کے مسلمانوں کی جانب سے مولانا کلب جواد نقوی کی رہنمائی میں کینڈل مارچ نکالا گیا ۔کینڈل مارچ کا آغاز چھوٹے امام باڑے کے اندر سے ہوا اور باہر سڑک پر جاکر اختتام پزیر ہوا ۔احتجاج میں پاراچنار میں شیعوں پر ہورہے ظلم کے خلاف بھی آواز اٹھائی گئی ۔اسکے ساتھ شام میں امریکی ،اسرائیلی اور ترکیہ کی سرپرستی جاری دہشت گردی کو بھی لوگوں کے سامنے بیان کیا گیا اور اسکی مذمت کی گئی ۔
مولانا کلب جواد نقوی نے کہا کہ بنگلہ دیش میں ہندو اقلیت میں ہیں اور مسلسل انہیں ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے جسکی ہم مذمت کرتے ہیں ۔ مولانا نے کہا کہ پاکستان کے پاراچنار میں شیعہ اور بنگلہ دیش میں ہندو اقلیتوں پر ظلم ہو رہاہے جسکی سرپرستی سرکار کررہی ہے ،اس لئے فوراً یہ ظلم بند ہونا چاہئے ۔انہوں نے اس معاملے میں اقوام متحدہ سے بھی کارروائی کا مطالبہ کیا۔مولانا نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی اقلیتیں ہیں انہیں ظلم اور تشدد کا سامنا ہے جس پر روک لگنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ شام میں بھی دہشت گرد امریکی اور اسرئیلی سرپرستی میں اقتدار کی کرسی تک پہنچے ہیں ،وہاں بھی ایک بار پھر ظلم کا بدترین دور شروع ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو عالمی امن کے نام نہاد ٹھیکیدار ہیں وہی امن کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔انکو پہچاننا ضروری ہے ۔
کینڈل مارچ میں مولانا رضا حیدر،مولانا رضا حسین، مولانا محمد میاں عابدی، مولانا غلام رضا، مولانا حسن جعفر،مولانا شاہد حسین شامل تھے۔