حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل وسطی پنجاب کے نو منتخب عہدیداروں نے صوبائی صدر سید ساجد حسین نقوی کی قیادت میں وفا ق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی سے حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی اور ملی تنظیمی معاملات پر ان سے مشاورت کی۔ ملاقات میں جنرل سیکرٹری صفی الحسنین شیرازی، سیکرٹری اطلاعات شہباز حیدر نقوی، نائب صدر جعفر علی شاہ، مولانا باقر گھلو اور ڈاکٹر سید محمد نجفی بھی موجود تھے۔
آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے نئے عہدیداروں کو تنظیمی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور زوردیا کہ مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں سے روابط کو مضبوط بنائیں، کیونکہ ان دینی اداروں میں خدمات سر انجام دینے والے افراد سے شیعہ علماء کونسل کے عہدیداروں کو مسائل سے آگاہی ہو گی۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ تعلیمی اداروں میں رائج نصاب تعلیم میں مکتب اہل بیت اطہار علیہم السلام کے نقطۂ نظر کو شامل نہیں کیا گیا، اس حوالے سے مربوط جدوجہد کی ضرورت ہے۔
علماء کرام، مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں کی انجمنوں اور ماتمی سنگتوں سے رابطے مضبوط بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کو اسلامی تعلیمات کے فروغ کے بجائے، مسلمانوں میں نفرت پیدا کرنے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے، ضروری ہے کہ بین المسالک روابط کو مضبوط بنا کر اتحاد امت کی تقسیم کے شیطانی ایجنڈے کو ناکام بنایا جائے۔
وفد نے محسن ملت علامہ سید صفدر حسین نجفی رحمة اللہ علیہ کے مرقد مبارک پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
شیعہ علماء کونسل وسطی پنجاب کے صدر نے جامعہ منہاج الحسین جوہر ٹاون میں جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی مجلس عاملہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں۔ جے ایس او نوجوانوں کی اسلامی، نظریاتی، تنظیمی اور معاشرتی تربیت پر توجہ دے۔
انہوں نے عوام اور دینی مراکز سے مضبوط روابط پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی محافل میں احکام الٰہی اور سیرتِ اہل بیت اطہار علیہم السّلام سے مستفید ہوں۔
سید ساجد حسین نقوی نے کہا کہ جے ایس او کا ہر جوان قائد ملّت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے فرامین کو مشعل راہ بنائے، اعلیٰ تعلیم کے حصول پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے زندگی کے ہر شعبے میں دیانتداری اعلیٰ اخلاق اور محبت و مروت کو اپنا شعار بنائیں۔
صوبائی صدر سید ساجد حسین نقوی نے کل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین مولانا عاصم مخدوم سے بھی ملاقات کی اور اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
شیعہ علماء کونسل کے رہنماؤں نے مرکزی عزاداری کونسل کے چیئرمین سید صابر حسین شاہ، مرکزی جلوس عزاداری کے لائسنس دار آغا حسین قزلباش، احمد منیر عباس، دلاور عباس شمسی، سید مجاہد عباس شمسی، سید زوار عباس شمسی، سید عمران عباس، حسین ترمذی اور وہاب شہزاد سے بھی ملاقات کی اور ملی امور پر تبادلہ خیال کیا۔