حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ملی یکجہتی کونسل پاکستان اور اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی سے شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں موجودہ تنظیمی امور کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ خاص کر تمام صوبوں میں تنظیم سازی کے عمل کے مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور قائد محترم کو اس پر خراج تحسین پیش کیا۔ تنظیم کی تکمیل پر انتہائی اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے چونکہ تنظیمی انتخابات کا سارا عمل قائد بزرگوار نے خود اپنی نگرانی میں احسن انداز میں مکمل کرایا ہے۔
نشست میں ضلع کرم کے راستوں کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور وفاقی صوبائی حکومتوں اور سیکورٹی فورسز سے مطالبہ کیا گیا کہ دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں اور جب فریقین ایک معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں تو اس معاہدے کے مطابق پاراچنار کے راستے فوراً کھولے جائیں۔
دونوں رہنماؤں نے فلسطین میں جنگ بندی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حماس اور غزہ کے مظلوموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا: اس جنگ میں مزاحمتی محاذ کے عظیم شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان عظیم شہدا کے مقدس لہو کے صدقہ صیہونی درندہ صفت ریاست کو ذلت آمیز شکست ہوئی ہے اور الحمد للہ اسرائیل اپنے اعلان شدہ اہداف میں سے ایک مقصد میں بھی کامیابی حاصل نہیں کر سکا۔
قابل ذکر ہے کہ ان کے ہمراہ مولانا سید جعفر عباس نقوی، مولانا قاسم جعفری، جناب سید نزاکت حسین شاہ بھی موجود تھے۔
آپ کا تبصرہ