حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے جامعۃ النجف کوٹلی امام حسین میں جامعہ ہذا کے پرنسپل اور شیعہ علماء کونسل کے نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں دونوں مرکزی رہنماؤں نے تنظیمی امور کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ خاص کر پاراچنار اور گلگت بلتستان کے آنے والے انتخابات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فون پر باقی مجلس عاملہ کے معزز اراکین سے بھی رابطہ کیاگیا اور اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ بہت عرصہ ہو چکا ہے مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد نہیں ہوا۔ بہت سے امور خاص کر جی بی اسمبلی کے انتخابات کے بارے میں ملی پلیٹ فارم کی کامیابیوں کی ایک شاندار تاریخ ہے۔ جب بھی مرکزی مجلس عاملہ اور صوبے نے مل کر کام کیا کامیابیاں نصیب ہوئی ہیں مگر اس بار جوں جوں انتخابات نزدیک آ رہے ہیں بدقسمتی سے ایک مضبوط نیٹورک اور منظم انداز کے ساتھ کام نہیں ہو رہا ہے اور اگر کچھ ہو رہا ہے تو مرکزی مجلس عاملہ سے ہم آہنگی کے بغیر ہو رہا ہے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: ہماری قائد محترم سے درخواست ہے کہ فوری نوٹس لیکر مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کر کے سب کو اعتماد میں لیں تاکہ ایک تجربہ کار مضبوط ٹیم اور حکمت عملی کے ساتھ فعالیت کا آغاز کیا جا سکے۔
آپ کا تبصرہ