حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سابق وفاقی وزیر تعلیم اور اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی سے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری اور صوبائی صدر وسطی پنجاب سید ساجد حسین نقوی نے ان کی رہائش کا پر ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال خاص طور پارا چنار میں جاری ظلم و ستم، جلاؤ گھیراؤ، قتل و غارتگری اور غیر انسانی رویوں پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور تکفیری دہشت گردوں کو ضلع کرم میں بدامنی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے واضح کیا گیا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے بھی اپنا کردار اد انہیں کیا۔
رہنماؤں میں اتفاق رائے پایا گیا کہ پارا چنار کے راستے کھلوانے کے لیے ملی قیادت کو کرم کی طرف امن لانگ مارچ کا اعلان کرنا چاہیے۔حکومتی دعوؤں کے باوجود ابھی تک علاقے میں حالات معمول پر نہیں آسکے۔ دہشت گرد اتنے مضبوط ہیں کہ جرگہ کے لوگوں کو بھی کام نہیں کرنے دیتے۔
انہوں نے گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی کی طرف سے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کو سراہا۔
منیر کیلانی نے افسوس کا اظہار کیا کہ پشاور ٹل پارا چنار روڈ کو ریاستی ادارے خالی کروانے اور اسے پُرامن بنانے میں بری طرح ناکام رہے ہیں، حالانکہ سیکیورٹی اداروں کی مسلسل موجودگی وہاں ثابت کرتی ہے کہ وہ امن و امان کو قائم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پارا چنار میں مؤمنین کی قربانیوں کو بھلایا نہیں جا سکتا۔ بہادر لوگوں کی سرزمین سے تعلق رکھنے والے تیسرے قائد ملت جعفریہ علامہ سید عارف حسین الحسینی رحمة اللہ علیہ نے پاکستان میں اسلامی انقلاب برپا کیا ور خطہ امام خمینی کو متعارف کروایا ۔علامہ عارف حسین الحسینی کے شہر پارا چنار کو ملت جعفریہ پاکستان بھلا نہیں سکتی۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ ملی قیادت پارا چنار کی طرف امن مارچ کی کال دے،کیونکہ محض بیانات کافی نہیں، عملی طور پر ضلع کرم کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کی ضرورت ہے۔
سابق وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستانی شیعہ عوام قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی پارا چنار کے مسئلے پر پالیسی کا خیر مقدم کریں گے۔ ملی تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ سب ملی قیادت کی سرپرستی میں مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں، جیسے ناصبی عناصر کی طرف سے متنازع قانون سازی کے خلاف اتحاد ملت سے کامیابی حاصل کی تھی، اسی طرح پارا چنار کے مسئلے پر بھی کردار ادا کرنے سے پارا چنار کے مظلوموں کے زخموں پر مرہم رکھی جا سکتی ہے۔
سید منیر حسین گیلانی نے مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے بھی تقاضہ کیا کہ وہ قومی اسمبلی اور سینٹ میں نمائندگی رکھتے ہیں، پارا چنار کے مسئلے پر اپنا کردار ادا کریں۔