حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ نے اپنے ایک پیغام میں اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ شکر خدا کہ حیدرآباد دکن تلنگانہ ھندوستان میں ایام عزا کا پہلا عشرۂ ماہ محرم بخیر و خوبی پر شکوہ انداز میں پر امن طور پر روایتی انداز میں اختتام پذیر ہوا۔
پیغام کا مکمل متن اس طرح ہے؛
بسمہ تعالی
برادران ملت و عزاداران مظلوم کربلا ! السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ۔جزاکم اللہ خیر الجزاء
مذہبی کتابوں کی روشنی میں یہ بات اظھر من الشمس ہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری ،صدیقہ طاھرہ،جناب فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی دلی تمناؤں ،آرزوؤںاور دعاؤں کی بے مثل و بے نظیر مقدس ترین تعبیر ہے۔دنیا میں جب بھی جہاں بھی امام حسین ؑ کی مجلس عزا یا جلوس عزا کا انعقاد و اہتمام ہوتا ہے شہزادی عصمت،خاتون جنت حضرت فاطمہ زہراء جملہ صاحبا ن کساء و دیگر ائمہ ھدیٰ علیہم السلام کے ہمراہ وہاں تشریف لے جاتی ہیں ۔بانیان مجلس و جلوس عزا ،شرکائے مجلس و جلوس عزا کا شکریہ ادا کرتی ہیں اور خدا کی بارگاہ میں ان سب کے لئے دعا فرماتی ہیں۔
لہٰذا فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا اور ائمہ ھدیٰ سے بڑھ کر قیام عزاداری کے سلسلہ میں کسی بھی طرح کا تعاون پیش کرنے والوں کا بھلا کون شکریہ ادا کر سکتا ہے۔ اور اہل بیت سے زیادہ بڑا صلہ کون دے سکتا ہے۔
پھر بھی لم یشکر الناس لم یشکر الخالق (جو لوگوں کا شکریہ ادا نہیں کر سکتا وہ خالق کا شکر بھی ادا نہیں کرسکتا)کے پیش نظر ہم شکر خدا بجا لاتے ہیں اور مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن کی جانب سے حکومت تلنگانہ، حیدرآباد پولیس انتظامیہ، حیدرآباد میونسپل کارپوریشن،حیدرآباد کے ملی و سماجی زعماء و عمائدین، حیدرآباد کے جملہ علماء و خطباء و ذاکرین،بانیان مجالس و جلوس ،تعزیہ داران،انجمنہائے ماتمی،نوحہ خوانان،مرثیہ خوانان،اور بلا تفریق مذہب و ملت و بلا امتیاز مرد و زن و بلا قید سن و سال جو لوگ جوق در جوق نہایت ذوق و شوق اور عقیدت و احترام کے ساتھ مجالس و جلوس میں شرکت کرتے رہے ہیں سب کا صمیم قلب سے برابر برابر شکریہ ادا کرتے ہیں ،شکر خدا کہ آپ سب کے تعاون سے ایام عزا کا پہلا عشرۂ ماہ محرم بخیر و خوبی پر شکوہ انداز میں پر امن طور پر روایتی انداز میں اختتام پذیر ہوااور امید کرتے ہیں کہ ان شاء اللہ آئندہ بھی ایام عزا کو پر امن طور پر شان و شوکت اور عقیدت و احترام سے منانے میں اپنا اپنا بھر پور تعاون پیش کرتے رہیں گے۔ کیونکہ حضرت امام حسین ؑ کی آواز استغاثہ آج بھی ہر اس انسان سےجس کے دل میں انسانیت کا دھڑکتا ہوا دل ہے تقاضا کرتی ہے،ھل من ناصر ینصرنا ۔
شکر گزار
حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ
صدر مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن (تلنگانہ) انڈیا
تاریخ : ۲۱؍ اگست ۲۰۲۱ء