۲۹ اسفند ۱۴۰۲ |۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 19, 2024
مبارکپور میں ماہ ِعزائے حسین ؑ اور ماہ ِآزادی ہند
عقیدت و احترام سے منایا گیا عاشورۂ محرم

حوزہ/ اس سال ماہ ِ محرم میں شیعہ سماج میں ایام ِ عزا کے تعلق سے ایک نہایت اہم ،قابل قدر اور مستحسن اقدام دیکھنے میں آیا وہ یہ کہ امامباڑوں پر حسینی پرچم (علمہائے مبارک) کے ساتھ قومی پرچم بھی نصب کئے گئے تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،املو،مبارکپور،ضلع اعظم گڑھ(اتر پردیش)ہندوستان/ ہندوستان میں نواسۂ رسول الثقلین حضرت امام حسین ابن علی علیہ السلام کی عزاداری اور تعزیہ داری پوری دنیا میں اپنی نوعیت و کیفیت کے اعتبار سے تاریخی ، امتیازی اور منفرد مقام و منز لت کی حامل جانی اور مانی جاتی ہے۔خدا کا شکر ہے کہ دو سال کے تعطل کے بعد اس سال جب کہ تمام روایتی قدیمی مذہبی جلسوں اور جلوسوں پر سے پابندیاں اٹھا لی گئی ہیں حسب سابق تمام پروگرام بحسن و خوبی پر امن طور پر منائے جا رہے ہیں۔

اس سال ماہِ عزائے حسین ؑ یعنی محرم الحرام اور ماہِ آزادی ہند یعنی ( 15) اگست قریب ساتھ ساتھ واقع ہوئے ہیں اور اس سال ہندوستان کی آزادی کے 75؍سال پورے ہورہے ہیں جس کی وجہ سے حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے بہتر شہید ساتھیوں کی عزاداری و تعزیہ داری کو بھی اپنی تمام تر سابقہ روایات کے ساتھ آزادانہ طور پر عزادار ان حسین ؑ شان و شوکت کے ساتھ منا رہے ہیں۔یکم محرم سے مجلسوں اور جلوسوں کا سلسلہ عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے۔شب و روز یا حسین ؑ یا حسین ؑ،لبیک یاحسین ؑ کی دلخراش صداؤں سے فضا غم و الم میں ڈوبی ہوئی ہے۔ سات و آٹھ محرم کو علم وغیرہ کے جلوس اور نو و دس محرم کو تعزیوں کے جلوس پرامن طور پر برآمد ہوئے اور بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوئے جن میں کثیر تعداد میں بلا تفریق مذہب و ملت مرد و خواتین نے شرکت کی۔واضح رہے کہ ایام عزا کا یہ سلسلہ آٹھویں ربیع الاول تک جاری رہتا ہے۔

اس سال ماہ ِ محرم میں شیعہ سماج میں ایام ِ عزا کے تعلق سے ایک نہایت اہم ،قابل قدر اور مستحسن اقدام دیکھنے میں آیا وہ یہ کہ امامباڑوں پر حسینی پرچم (علمہائے مبارک) کے ساتھ قومی پرچم بھی نصب کئے گئے تھے۔ اور ماتمی جلوسوں میں علم مبارک و تعزیہ وغیرہ کے ہمراہ قومی پرچم (ترنگا جھنڈا) بھی شامل کیا گیا تھا۔ جس سے حب الوطنی ،آپسی بھائی چارہ،امن و امان کی بحالی ،انسانی ہمدردی اور خیر سگالی کا شاندار پیغام عوام میں پہونچ رہا ہے جو امام حسین ابن علی علیہ السلام کی عظیم قربانی کے اہم مقاصد اور زریں تعلیمات میں سے ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .

تبصرے

  • مظفر نقی IN 16:58 - 2022/08/09
    0 0
    اتنی بصیرت سے عشرہ محرم منانا قرآن و اہلبیت سے محبت کرنے والوں ہی کاسلیقہ ہے ،جو پورے بھارت واسیوں کو اپنے دھرم اوروطن سے محبت کرنے اور وطن سے وفاداری کا دلی تحفہ پیش کرکے ہنر دیا ہے۔