بدھ 5 نومبر 2025 - 20:35
نجف اشرف میں عزائے فاطمیہ کا عظیم الشان جلوس، آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی کی شرکت

حوزہ/ نجف اشرف میں حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مظلومیت کی یاد میں عزائے فاطمیہ کا عظیم الشان جلوس نکالا گیا، جس میں مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی بنفسِ نفیس شریک ہوئے۔ علما، طلاب اور زائرین کی بڑی تعداد نے اس دینی اجتماع میں شرکت کر کے اہلِ بیت علیہم السلام سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے مقدس شہر نجف اشرف میں عزائے فاطمیہ کے دسویں سالانہ جلوسِ عزا کا انعقاد نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ ہوا، جس میں آیت اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی کی شرکت نے اس جلوس کو روحانی جلال عطا کیا۔

یہ جلوس آیت اللہ العظمی حافظ شیخ بشیر حسین نجفی کے مرکزی دفتر سے شروع ہوا اور حرم مطہر امیر المؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی سمت روانہ ہوا۔ اس موقع پر علما و فضلا، طلاب حوزہ علمیہ، قبائل کے نمائندگان، حسینی مواکب کے خدام اور عراق کے مختلف شہروں کے علاوہ دیگر ممالک سے آئے ہوئے مومنین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جلوس کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا، جس کے بعد خطبا نے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا پر ڈھائے گئے مظالم اور ان کی عظیم سیرت پر روشنی ڈالی۔ شعرائے کرام نے اپنے کلام کے ذریعے بی بی دو عالم سلام اللہ علیہا کے مصائب و آلام کو بیان کرتے ہوئے فضا کو غم و اندوہ سے بھر دیا۔

جلوس کے اختتام پر حرم مطہر امام علی علیہ السلام کے صحن میں ایک پُر عقیدت مجلسِ عزا منعقد ہوئی، جس میں دینی و عوامی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کے ساتھ پیش آنے والے تاریخی واقعات کا تذکرہ کیا اور اہلِ بیت علیہم السلام کے مشنِ حق و عدالت کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

آخر میں شرکائے جلوس نے زیارتِ امیر المؤمنین علیہ السلام کی سعادت حاصل کی اور امام عصر و الزمان (عجّل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) کی خدمت اقدس میں تعزیت پیش کرتے ہوئے جلوس اختتام پذیر ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha