جمعرات 6 نومبر 2025 - 17:12
حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کی سیرتِ طیبہ

حوزہ/ حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا، خاتونِ جنت، رسولِ خدا صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی لاڈلی بیٹی اور امام علی علیہ السلام کی زوجہ مطہرہ ہیں۔ آپؑ کا مقام و مرتبہ دینِ اسلام میں نہایت بلند ہے۔ آپؑ کی پاکیزہ زندگی ہر مسلمان مرد و عورت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

تحریر: حافظ زہیر عباس (جامعہ المصطفیٰ کراچی)

حوزہ نیوز ایجنسی| حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا، خاتونِ جنت، رسولِ خدا صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی لاڈلی بیٹی اور امام علی علیہ السلام کی زوجہ مطہرہ ہیں۔ آپؑ کا مقام و مرتبہ دینِ اسلام میں نہایت بلند ہے۔ آپؑ کی پاکیزہ زندگی ہر مسلمان مرد و عورت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

نسب و ولادت:

آپؑ کی ولادت 20 جمادی الثانی، بعثت کے پانچویں سال مکہ مکرمہ میں ہوئی۔ والدِ گرامی نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم اور والدہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیہا ہیں۔ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم آپؑ سے بے پناہ محبت فرماتے تھے اور فرمایا کرتے: "فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے۔

القابات:

آپؑ کے مشہور القابات: الزہراء، بتول، سیدہ نساء العالمین، طاہرہ، راضیہ، مرضیہ، سیدۃ النساء ہیں۔

اخلاق و کردار:

حضرت فاطمہؑ زہد، عبادت، صبر، عفت و حیا، ایثار و قناعت، خدمتِ دین اور توکل علی اللہ کی پیکر تھیں۔ آپؑ کی شب زندہ داری، غربت میں صبر، اور ہر حال میں شکر گزاری تمام عورتوں کے لیے مثالی نمونہ ہے۔

بطورِ بیٹی:

آپؑ نے نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی زندگی کے سخت ادوار میں اُن کا ساتھ دیا۔ مکہ کی سختیوں میں، طائف کے غم میں، شعبِ ابی طالب کے محاصرہ میں، ہر جگہ آپؑ والد کی ڈھال بنیں۔

بطورِ بیوی:

آپؑ نے حضرت علی علیہ السلام کے ساتھ سادہ مگر باوقار زندگی گزاری۔ دنیا کی آسائشوں سے دُور، دین کے لیے وقف زندگی۔

بطورِ ماں:

آپؑ کی گود سے حسنؑ، حسینؑ، زینبؑ اور ام کلثومؑ جیسی عظیم ہستیاں پروان چڑھیں۔ آپؑ کی تربیت نے کربلا کے عظیم کرداروں کی بنیاد رکھی۔

شہادت:

رسول الله صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی وفات کے بعد آپؑ کو سخت غم اور مظالم کا سامنا کرنا پڑا۔ بالآخر 3 جمادی الثانی 11ھ کو آپؑ شہادت پا گئیں۔ آپؑ کی وصیت کے مطابق رات کی تاریکی میں دفن کیا گیا اور قبر مبارک کو مخفی رکھا گیا۔

نتیجہ:

سیدہ فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کا ہر پہلو پاکیزگی، قربِ الٰہی، علم و عمل اور اخلاق کا آئینہ دار ہے۔ آج کی مسلم خواتین اگر آپؑ کے کردار کو اپنالیں تو ایک مثالی معاشرہ قائم ہو سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha