منگل 17 نومبر 2026 - 07:38
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کا سانحۂ ارتحال عالم تشیع کے لیے ناقابل تلافی نقصان: آغا سید حسن موسوی الصفوی

حوزہ/ انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر آغا سید حسن موسوی الصفوی نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمِ تشیع اور حوزہ ہائے علمیہ کے لیے عظیم علمی و روحانی خسارہ قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی الصفوی نے عالم تشیع کے عظیم مرجع تقلید، جلیل القدر فقیہ اور ممتاز استاد حوزہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے سانحۂ ارتحال پر گہرے رنج و غم اور دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالم اسلام، بالخصوص عالم تشیع اور حوزہ ہائے علمیہ کے لیے ایک عظیم علمی و روحانی نقصان قرار دیا ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں آغا سید حسن موسوی الصفوی نے کہا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی پوری زندگی علوم محمد و آل محمدؑ کی خدمت، تحقیق، تدریس اور ترویج کے لیے وقف رہی۔ آپ کی علمی بصیرت، فقہی بصارت، تقویٰ، اخلاص اور دینی استقامت نے کئی نسلوں کے علما، فضلا اور طالبان علوم دینیہ کی فکری و روحانی تربیت میں بنیادی کردار ادا کیا۔ آپ محض ایک عظیم فقیہ اور مرجع تقلید ہی نہیں بلکہ مکتبِ اہل بیتؑ کے ایک مضبوط علمی حصار اور دینی اقدار کے بے مثال پاسدار تھے۔

انہوں نے کہا کہ اہل بیتؑ کی تعلیمات کے دفاع، دینی معارف کی اشاعت، مستحقین اور ضرورت مندوں کی سرپرستی، علما و فضلا کی تربیت اور شعائر دینی کے احیا کے حوالے سے مرحوم کی خدمات تاریخ تشیع کا ایک روشن باب ہیں۔ بالخصوص حضرت صدیقہ طاہرہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت، مصائب اور عزاداری کے احیا کے لیے آپ کی غیر معمولی وابستگی عشق اہل بیتؑ اور ولایت سے آپ کی گہری وابستگی کا ناقابل فراموش مظہر ہے۔

آغا سید حسن موسوی الصفوی نے مزید کہا کہ ایسے عظیم علمی و روحانی ستون کا اٹھ جانا ایک ایسا خلا ہے جس کی تلافی آسان نہیں۔ ان کے علمی آثار، فکری میراث، تربیت یافتہ شاگرد اور مکتب اہل بیتؑ کے لیے ان کی بے لوث خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ رہیں گی۔

صدر انجمنِ شرعی شیعیان نے حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجع عظام، حوزہ ہائے علمیہ، علما و فضلا، مرحوم کے اہل خانہ، شاگردوں اور پوری ملت جعفریہ کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے بارگاہ ایزدی میں دعا کی کہ پروردگار عالم مرحوم کو جوار محمد و آل محمدؑ میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی دینی و علمی خدمات کو شرف قبولیت بخشے اور تمام سوگواروں کو صبر جمیل و اجر جزیل عنایت فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha