منگل 17 نومبر 2026 - 12:01
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کا انتقال عالمِ اسلام کے لیے عظیم علمی و دینی خسارہ ہے: مولانا سید تقی رضا عابدی

حوزہ/ ساؤتھ انڈیا شیعہ علماء کونسل و تنظیم جعفری، حیدرآباد کے صدر حجت الاسلام والمسلمین سید تقی رضا عابدی نے آیت الله العظمیٰ سید حسین وحید خراسانیؒ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے عالمِ اسلام، بالخصوص شیعیانِ حیدرِ کرار کو تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ساؤتھ انڈیا شیعہ علماء کونسل و تنظیم جعفری، حیدرآباد کے صدر حجت الاسلام والمسلمین سید تقی رضا عابدی نے آیت الله العظمیٰ سید حسین وحید خراسانیؒ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے عالمِ اسلام، بالخصوص شیعیانِ حیدرِ کرار کو تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔

انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اس خبرِ غم نے عالمِ اسلام کو سوگوار کر دیا ہے۔ یہ محض ایک شخصیت کا رخصت ہونا نہیں، بلکہ عالمِ اسلام کے ایک عظیم علمی و دینی چراغ کا بجھ جانا ہے۔ مرحوم حوزۂ علمیہ کے سرپرست، اساتذہ کے استاد اور مرجعِ کبیر تھے۔ وہ عمر کے اعتبار سے بھی تمام مراجع میں بزرگ تر اور علم و تقوے کے اعتبار سے ممتاز مقام رکھتے تھے۔

سید تقی رضا عابدی نے مزید کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ خیر خواہی، اخلاص، صداقت اور محبتِ اہلِ بیت (ع) کا پیکر تھے۔ وہ زمانے کی نبض پہچاننے والے، وقت کے تقاضوں کو سمجھنے والے اور دین کی ضروریات پر گہری نظر رکھنے والے صاحبِ بصیرت مرجع تھے۔

انہوں نے ایامِ فاطمیہ سے متعلق مرحوم کی خصوصی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ ان ایام کے حوالے سے بے حد درد مند اور فکر مند رہتے تھے۔ شہزادیٔ کونین حضرت فاطمہ زہرا (س) کی شہادت کے سلسلے میں ان کی جانب سے جاری کیے گئے بینرز آج دنیا بھر میں موجود ہیں۔ ان کی یہ عقیدت، اہتمام اور خدمات تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ روشن رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم نے جس انداز میں تعلیم و تربیت کی، اساتذہ کے اساتذہ تیار کیے اور علمی و فکری ذہن سازی فرمائی، وہ ان کی صداقت، حکمت اور دور اندیشی کا روشن ثبوت ہے۔ انہیں بجا طور پر عالمِ زمان کہا جا سکتا ہے۔ وہ ایک ہمدرد، درد مند اور مخلص انسان تھے۔ ان کا غضب بھی رضائے الٰہی کے لیے تھا اور ان کی محبت بھی رضائے الٰہی کے لیے تھی۔

سید تقی رضا عابدی نے مزید کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ نے ہمیشہ حق اور اہلِ حق کا ساتھ دیا، وقت کے تقاضوں کو پورا کیا اور اپنی استطاعت کے مطابق دینی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔ انہوں نے اپنی اولاد کی بھی بہترین تربیت فرمائی۔

انہوں نے مرحوم کے فرزندِ اکبر، دیگر فرزندان آیت اللہ محسن خراسانی اور اسماعیل خراسانی، تمام خانوادۂ محترم، حوزہ ہائے علمیہ اور بالخصوص حوزۂ علمیہ قم کو تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ پروردگار مرحوم کے درجات بلند فرمائے، ان کی قبر کو نور سے منور کرے اور ایامِ فاطمیہ میں اس دنیا سے رخصت ہونے والے اس عظیم مرجع کا حشر و نشر شہزادیٔ کونین حضرت فاطمہ زہرا (س) کے ساتھ فرمائے۔ آمین۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha