منگل 17 نومبر 2026 - 12:40
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے انتقال پر سربراہ جماعت علمائے اہلسنت عراق شیخ خالد الملا کا تعزیتی پیغام

حوزہ/ جماعت علمائے اہلسنت عراق کے سربراہ شیخ خالد الملا نے عالمِ تشیع کے عظیم مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعت علمائے اہلسنت عراق کے سربراہ شیخ خالد الملا نے اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے انتقال کو حوزات علمیہ اور عالمِ اسلام کے لیے ایک بڑا علمی و دینی نقصان قرار دیا۔

انہوں نے آیت اللہ العظمی وحید خراسانیؒ کے علمی و معنوی مقام کا ذکر کرتے ہوئے فقہ، اصول اور اسلامی معارف کے میدان میں ان کی کئی دہائیوں پر مشتمل علمی خدمات اور فکری جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے حوزہ علمیہ میں علما اور فضلا کی متعدد نسلوں کی تربیت کرکے اسلامی تعلیمات اور مکتب اہل بیت علیہم السلام کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا۔

شیخ خالد الملا نے اس عظیم سانحے پر مراجعِ عظام، بالخصوص آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی، حوزہ ہائے علمیہ نجف اشرف و قم مقدسہ، مرحوم کے اہل خانہ، شاگردوں اور عقیدت مندوں سے تعزیت پیش کی اور اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے لیے بلندیٔ درجات اور رحمت واسعہ کی دعا کی۔

انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ ایسی علمی و معنوی شخصیات کا دنیا سے اٹھ جانا امتِ اسلامی کے لیے بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے پسماندگان اور عقیدت مندوں کے لیے صبر جمیل و اجر عظیم کی دعا بھی کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha