ہفتہ 6 جون 2026 - 13:04
آیت اللہ العظمیٰ فیاض کے علمی آثار ہمیشہ زندہ رہیں گے: آیت اللہ العظمیٰ سبحانی

حوزہ/ آیت اللہ العظمیٰ جعفر سبحانی نے نجف اشرف کے عظیم مرجع تقلید محمد اسحاق فیاض کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ آج وہ عظیم ربانی شخصیت جسمانی طور پر ہمارے درمیان موجود نہیں، لیکن ان کی علمی فکر، گراں قدر تصنیفات اور دائمی علمی ورثہ ہمیشہ زندہ اور اہلِ علم کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ سبحانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق فیاض کے انتقال کو عالمِ اسلام، حوزاتِ علمیہ اور علمی حلقوں کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔ انہوں نے مرحوم مرجع تقلید کی علمی، تدریسی اور تحقیقی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ فیاض نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت، علومِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج اور طلبہ و علماء کی تربیت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

بسم اللہ الرحمن الرحیم

إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

حوزہ علمیہ نجف اشرف کے بزرگ عالم دین حضرت آیت اللہ شیخ اسحاق فیاض قدس سرہ الشریف کے انتقال کی خبر موصول ہوئی جسے سن کر انتہائی رنج و افسوس ہوا۔

اگرچہ وہ عظیم ربانی شخصیت آج جسمانی طور پر ہمارے درمیان موجود نہیں، لیکن ان کی علمی فکر، گراں قدر تصنیفات اور ان کا دائمی علمی ورثہ ہمیشہ زندہ اور الہام بخش رہے گا۔ مرحوم نے اپنی بابرکت زندگی تدریس، تحقیق اور تالیف و تصنیف میں صرف کی۔ انہوں نے متعدد نسلوں کی علمی تربیت کی اور اسلامی معارف کا ایسا قیمتی ذخیرہ چھوڑا جس سے آنے والے زمانوں میں بھی اہلِ علم اور دینی مراکز استفادہ کرتے رہیں گے۔

میں اس المناک سانحے پر حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، حوزہ علمیہ نجف اشرف کے اکابرین، مراجع عظام تقلید، مرحوم کے شاگردوں، عقیدت مندوں اور بالخصوص ان کے اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے لیے بلندیٔ درجات اور اولیائے الٰہی کے ساتھ محشور ہونے کی دعا کرتا ہوں۔

"عاش سعیداً و مات سعیداً"

قم المقدسہ

حوزہ علمیہ قم

جعفر سبحانی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha