ہفتہ 6 جون 2026 - 13:19
آیت اللہ العظمیٰ فیاض مرجعیت کے ستون اور اسلام کے مخلص خادم تھے: حزب اللہ لبنان

حوزہ/ حزب اللہ نے مرجع تقلید آیت اللہ العظمی محمد اسحاق فیاض کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں نجف اشرف میں دینی مرجعیت کے اہم ستونوں اور حوزہ علمیہ کی ممتاز ترین شخصیات میں شمار کیا ہے۔ حزب اللہ نے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی اسلام محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، معارفِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج اور دینی علوم کے فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان نے اپنے تعزیتی بیان میں آیت اللہ العظمیٰ فیاض کی علمی، فکری اور معنوی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی دہائیوں تک تدریس، تربیت اور علمی رہنمائی کے ذریعے علماء، فضلاء اور دینی طلبہ کی نسلیں تیار کیں، جنہوں نے ان کے علمی و اخلاقی پیغام کو عالم اسلام کے مختلف خطوں تک پہنچایا۔

بیان میں کہا گیا کہ آیت اللہ العظمیٰ فیاض، مرجع بزرگ آیت اللہ العظمیٰ سید ابو القاسم خوئی کے ممتاز شاگردوں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے اپنی گراں قدر فقہی، اصولی اور علمی تحقیقات و تصنیفات کے ذریعے اسلامی علمی ذخیرے کو مالا مال کیا اور حکمت، اعتدال اور رواداری پر مبنی اسلامی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

حزب اللہ نے مزید کہا کہ مرحوم مرجع تقلید اپنی اصولی اور ثابت قدمانہ مؤقف کے لیے بھی معروف تھے اور ہمیشہ امت کے عادلانہ مسائل، مظلوموں کے حقوق اور حق و انصاف کی حمایت کرتے رہے۔

بیان کے اختتام پر حزب اللہ لبنان نے مرجع عالی قدر سید علی حسینی سیستانی، مراجع عظام، حوزات علمیہ، علماء امت، مرحوم کے اہل خانہ، شاگردوں، عقیدت مندوں اور مقلدین کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی وسیع رحمت اور رضوان میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عنایت کرے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha