حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف کے ممتاز مرجعِ تقلید، آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق فیاض انتقال کر گئے، جس کے بعد عالمِ اسلام بالخصوص مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف دینی، علمی اور سماجی حلقوں کی جانب سے اس عظیم سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مرحوم آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق فیاض حوزۂ علمیہ نجف اشرف کی ممتاز علمی شخصیات اور مراجع عظام میں شمار ہوتے تھے۔ آپ نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت، فقہ و اصول کی تدریس، دینی علوم کی ترویج اور لاکھوں مؤمنین کی دینی رہنمائی میں صرف کی۔ آپ کی علمی خدمات اور فقہی آثار عالمِ تشیع کا گراں قدر سرمایہ ہیں۔
آپ کے وصال کو علمی و روحانی دنیا کا ایک عظیم نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ دینی حلقوں کے مطابق آیت اللہ العظمیٰ فیاض کا انتقال نجف اشرف کی علمی تاریخ کے ایک درخشاں باب کے اختتام کے مترادف ہے۔
حوزہ نیوز ایجنسی کی ٹیم اس المناک موقع پر امامِ عصر حضرت حجت ابن الحسن عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، حوزۂ علمیہ نجف اشرف، مرحوم کے اہلِ خانہ، شاگردوں اور تمام سوگواران کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق فیاض کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عنایت فرمائے۔ آمین
واضح رہے کہ مرحوم آیت اللہ العظمیٰ فیاض کی پہلی تشییع جمعہ کی صبح 9 بجے حسینیہ آل یاسین سے شروع ہوگی، جہاں سے عزاداروں اور مومنین کی بڑی تعداد اسے حرم امامین کاظمینؑ تک لے جائے گی۔ اس کے بعد اسی روز شام 5 بجے کربلا میں تشییع حرم حضرت ابوالفضل العباسؑ سے شروع ہو کر روضۂ امام حسینؑ تک انجام پائے گی۔ مزید برآں، مرحوم مرجعِ عالی قدر کی تشییع کا مرکزی پروگرام ہفتہ کے روز صبح 9 بجے دفتر آیت اللہ العظمیٰ فیاض سے شروع ہوگا، جہاں سے سوگواروں کا عظیم اجتماع جنازے کو حرم امیرالمؤمنین حضرت علیؑ کی جانب لے جائے گا۔









آپ کا تبصرہ