جمعہ 5 جون 2026 - 12:59
آیت الله حافظ ریاض حسین نجفی کا آیت الله العظمیٰ شیخ فیاض کی رحلت پر اظہارِ تعزیت

حوزہ/وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی اور سیکرٹری جنرل علامہ ضیاء الحسن نجفی نے آیت الله العظمیٰ شیخ محمد اسحاق فیاض کی رحلت کو عالم اسلام کا ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام سوگ کی کیفیت میں ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی اور سیکرٹری جنرل علامہ ضیاء الحسن نجفی نے آیت الله العظمیٰ شیخ محمد اسحاق فیاض کی رحلت کو عالم اسلام کا ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا عالم اسلام سوگ کی کیفیت میں ہے۔

تعزیتی بیان میں انہوں نے نجف اشرف کے علمائے کرام، مرحوم کے شاگردان اور ان کے خاندان کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ اسحاق فیاض کی علمی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ وہ آیت اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم الخوئی کے ابتدائی شاگردوں میں سے تھے، مرحوم عالم دین آیت اللہ اسحاق فیاض کے دروس میں بڑی تعداد میں علماء شرکت کرتے، جبکہ ان کی دنیا بھر میں لاکھوں مقلدین تھے، جو ان کے فتاویٰ پر عملدرآمد کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ آیت اللہ اسحاق فیاض 1930ء میں افغانستان کے علاقے غزنی میں پیدا ہوئے اور 17سال کی عمر میں نجف اشرف حصول علم کے لیے تشریف لائے۔ ان کی عمر96 برس تھی۔

علامہ ضیا الحسن نجفی نے کہا کہ مرحوم نجف اشرف کے چار معروف مجتہدین میں سے ایک تھے۔ ان کی نماز جنازہ بغداد، کربلا اور نجف اشرف میں ادا کی جائے گی اور نجف اشرف میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

آیت اللہ اسحاق فیاض کے ایصال ثواب کے لیے حوزہ علمیہ جامعة المنتظر میں قرآن خوانی کی گئی، جبکہ گزشتہ روز نمازِ جمعہ سے پہلے بھی مرحوم کے لیے قرآن خوانی ہوگی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha