حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اہتمام عزاداری کانفرنس میں مختلف دینی، مذہبی اور عزاداری تنظیموں کے نمائندگان، ٹرسٹوں کے ذمہ داران، مساجد و امام بارگاہوں کے ٹرسٹی حضرات، مرکزی مجالس و جلوسوں کے پرمٹ ہولڈرز اور اسکاؤٹس کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
شرکاء میں نمایاں طور پر شیعہ علماء کونسل، مجلس وحدت المسلمین، مرکزی تنظیمِ عزا، ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن، مجلس ذاکرین امامیہ، انجمن سادات امروہہ، خوجہ اثناء عشری جماعت، پاک محرم ایسوسی ایشن، پیامِ ولایت فاؤنڈیشن، تنظیم عزاداران، جعفریہ آرگنائزیشن اور دیگر مذہبی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان شامل تھے۔
کانفرنس کے دوران شرکاء نے ایامِ عزاداری کے حوالے سے درپیش مسائل، انتظامات اور تجاویز پر تفصیلی گفتگو کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ رواں سال محرم الحرام غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ رمضان المبارک کے دوران شروع ہونے والی عالمی کشیدگی اور حالیہ حالات کے باعث دنیا بھر کی نگاہیں مکتبِ اہلِ بیتؑ اور عالمِ تشیع پر مرکوز ہیں۔ ایسے حساس حالات میں عزادارانِ امام حسینؑ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منبرِ امام حسینؑ سے پیغامِ حسینیؑ، سیرتِ اہلِ بیتؑ، اتحادِ امت اور حق و صداقت کا پیغام عام کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تک فکرِ حسینیؑ پہنچ سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ محرم الحرام کے دوران اتحاد، اخوت اور باہمی احترام کو فروغ دیا جائے اور ہر قسم کے اختلافات اور انتشار سے اجتناب کیا جائے۔ اگر ہم پیغامِ امام حسینؑ کو صحیح انداز میں عام کرنے اور وحدتِ امت کے فروغ میں کامیاب ہو گئے تو یہ اللہ تعالیٰ، رسول اکرمؐ اور خانوادۂ رسولؐ کی خوشنودی کا باعث ہوگا۔
علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے مطالبہ کیا کہ ایامِ عزا کے دوران مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مجالس و جلوسِ عزا کے طریقۂ کار، عزاداری کی ثقافتی و مذہبی تشہیر، اور عزاداری سے متعلق داخلی امور کا تعین عزاداروں اور متعلقہ تنظیموں کا حق ہے، جبکہ انتظامیہ کی ذمہ داری امن و امان کے قیام، سکیورٹی کے مؤثر انتظامات اور بیرونی معاملات میں تعاون فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ماضی کی طرح اس سال بھی انتظامیہ عزاداری کے پُرامن انعقاد اور عزاداروں کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔









آپ کا تبصرہ