پیر 8 جون 2026 - 20:02
آیت اللہ العظمیٰ محمد اسحاق فیاضؒ کے انتقال پر حوزہ علمیہ ایران کی سپریم کونسل کا تعزیتی پیغام

حوزہ/ حوزہ علمیہ ایران کی سپریم کونسل نے ایک تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے نجف اشرف کے جلیل القدر مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ حاج شیخ محمد اسحاق فیاضؒ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کی سپریم کونسل نے ایک تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے نجف اشرف کے جلیل القدر مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ حاج شیخ محمد اسحاق فیاضؒ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

بسم اللہ الرحمن الرحیم

إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

امام جعفر صادق علیہ السلام سے روایت ہے کہ آپؑ نے فرمایا: "جب کوئی مؤمن فقیہ دنیا سے رخصت ہوتا ہے تو اسلام میں ایسا شگاف پیدا ہوتا ہے جسے کوئی چیز پُر نہیں کر سکتی۔"

حوزہ علمیہ نجف اشرف کے عظیم فقیہ اور عظیم مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ حاج شیخ محمد اسحاق فیاضؒ کے انتقال کی خبر نے گہرے رنج و الم میں مبتلا کر دیا ہے۔

مرحوم آیت اللہ العظمیٰ فیاضؒ نجف اشرف کے علمی مکتب کی ممتاز ترین شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے بعثی آمریت کے دور میں عراق پر مسلط شدید دباؤ اور خطرات کے باوجود ثابت قدمی کے ساتھ نجف اشرف میں قیام کیا اور اس مقدس علمی مرکز کو کبھی ترک نہیں کیا۔ آپ نے اپنی بابرکت زندگی قرآن کریم کی تعلیمات کے فروغ، اہل بیت عصمت و طہارت علیہم السلام کی ثقافت کی ترویج، فاضل علماء کی تربیت، حوزات علمیہ کی خدمت اور امت مسلمہ کی دینی و فکری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے وقف کر دی۔

آپ نے فقہ اور اصول فقہ کے میدان میں گراں قدر علمی آثار چھوڑے جو ہمیشہ اہل علم کے لیے سرمایہ افتخار رہیں گے۔

حوزہ ہائے علمیہ کی اعلیٰ کونسل اس عظیم سانحہ پر حضرت بقیۃ اللہ الاعظم امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجع عظام تقلید، رہبر انقلاب اسلامی، حوزات علمیہ بالخصوص حوزہ علمیہ نجف اشرف، مرحوم کے شاگردوں، عقیدت مندوں اور ان کے معزز خاندان کی خدمت میں تعزیت اور تسلیت پیش کرتی ہے۔

سپریم کونسل حوزہ علمیہ ایران

22 ذی الحجہ 1447ھ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha