حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نیشنل ویلفیئر پارٹی آف افغانستان کے سکریٹری جنرل، محمد حسن جعفری نے اپنے ایک پیغام میں مجاہد و متقی عالم دین حجت الاسلام و المسلمین الحاج شیخ محمد جواد مہدوی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ حوزہ علمیہ نجف اشرف کے مایہ ناز استاد اور حضرت آیت اللہ اسحاق فیاض کے دفتری امور کے انچارج عالم جلیل القدر جناب حجت الاسلام و المسلمین الحاج شیخ محمد جواد مہدوی کی المناک رحلت کی خبر سن کر نہایت ہی افسوس اور دکھ ہوا۔
جعفری نے مزید کہا کہ ان کی رحلت ہمارے مذہبی لوگوں کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے، مرحوم و مغفور دینی مدارس کے طلباء خصوصاً حوزہ علمیہ نجف اشرف میں موجود افغان طلباء کی تعلیم و تربیت میں بہت زیادہ خیر و برکت کا باعث تھے۔آپ علم فقہ،اصول ، رجال اور تفسیر کے ماہر تھے اور کئی سالوں سے حوزہ علمیہ نجف اشرف میں علم فقہ اور اصول فقہ کے درس خارج سے طلباء کو فیضیاب کر رہے تھے۔