حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم، حوزہ علمیہ کی سپریم کونسل اور حوزہ علمیہ کی انتظامیہ نے آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپائیگانی کی رحلت پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔
ان کے اس پیغام کا متن حسبِ ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
انا لله و انا الیه راجعون
حضرت آیتالله العظمی آقای حاج شیخ لطف الله صافی گلپایگانی قدس الله نفسه الزکیة کی جانگداز رحلت ایک المناک سانحہ ہے اور حوزاتِ علمیہ اور ملت ایران اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے بہت بڑا غم ہے۔
اس عظیم اور بلند مرتبہ فقیہ کو ایک خاص روحانی اور باطنی پاکیزگی حاصل تھی اور وہ علوم حوزوی اور فقہ اہل بیت علیہم السلام کے میں بلند مرتبہ پر فائز تھے۔ انہوں نے اپنی بابرکت عمر اسلام کی سربلندی، معارفِ الہی کی ترویج اور اہل بیت علیہم السلام کی خدمت میں گزار دی اور ہمیشہ لوگوں کی خدمت، نصیحت اور ان کی خیر خواہی اور راہنمائی کے سلسلے میں پیش پیش رہتے تھے۔ وہ اسلامی تحریک اور انقلابِ اسلامی اور حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی کے ہمراہ اسلام کی خدمت میں مصروف رہے۔
یہ عظیم اور بلند مرتبہ مرجع تقلید بے شمار اخلاقی فضائل کے مالک تھے اور فروتنی، اخلاص، نصیحت اور ہمدردی کا کامل نمونہ تھے۔ ان کی مجلس ہمیشہ متاثر کن اور بیداری کا باعث ہوا کرتی تھی۔ ان کے علمی اور اخلاقی مقام اور علمی میراث کے علاوہ ان کی سماجی اور سیاسی فکر اور بین الاقوامی حالاتِ حاضرہ سے آگاہی اور ان کے بارے میں نظریہ بھی قابلِ ستائش تھا۔
ہم اس عظیم اور بلند مرتبہ مرجع تقلید کے انتقالِ پُرملال پر حضرت ولی عصر ارواحنا فداہ، رہبر معظم انقلابِ اسلامی، مراجع عظام دامت برکاتہم، مرحوم کے فرزندان، خاندان و پسماندگان، حوزاتِ علمیہ، ان کے شاگردوں اور عقیدتمندوں اور ملتِ ایران اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی خدمت میں تسلیت و تعزیت پیش کرتے ہیں اور اس جانگداز سانحہ پر آخرِ ہفتہ تک حوزہ علمیہ کی تعطیل کا اعلان کرتے ہیں۔
ہم مرحوم کی پاکیزہ روح کو سلام پیش کرتے ہیں اور خداوندِ متعال سے مراجع عظام اور رہبر معظم دامت برکاتہم اور ملتِ ایران، مسلمانوں اور شیعوں کی صحت و عزت کے لیے دعاگو ہیں۔
جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم (اساتذہ کی انجمن)
حوزہ علمیہ کی سپریم کونسل
مدیریت حوزہ علمیہ (حوزہ علمیہ کی انتظامیہ)
12 بہمن 1400 شمسی / یکم فروری 2022ء /29 جمادی الثانی 1443ھ