حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،نہایت ہی غم و اندوہ کےساتھ اعلان کیا جاتا ہے کہ بیدار مرجع ، اہل بیت عصمت و طہارت علیہم السلام کی حرمت کے غیور محافظ و پاسبان، حق اور احکام الٰہی کے دفاع کی گویا زبان، زعیم حوزات علمیہ حضرت آیت الله العظمیٰ صافی گلپائیگانی قدس سرہ الشریف حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
آپ حوزہ علمیہ قم میں سب سے معمر مرجع تھے۔ حضرت آیت اللہ صافی گلپائیگانی نے اپنی پوری عمر دین مبین اسلام کی خدمت کی ۔ آپ ایک عرصہ تک حوزہ میں درس و تدریس اور تحقیق سے جڑے رہے اور اس دوران سینکڑوں طلبا کی تربیت کی۔ آپ حوزہ علمیہ قم کے مراجع تقلید میں سے تھے۔ آپ نے متعدد کتب تالیف کی ۔ اس کبر سنی کے باوجود جب تک بدن میں سکت رہی ایام عزائے اہل بیت (ع) بالخصوص ایام فاطمیہ میں اپنے گھر سے حرم حضرت معصومہ قم (ع) تک پا پیادہ جلوس عزا کی سربراہی فرمایا کرتے تھے۔
جمعیت العلما اثنا عشریہ کرگل، حضرت آیت اللہ صافی گلپائیگانی کی رحلت پر سب سے پہلے امام زمانہ ؑ ، دوم مراجع عظام اور حوزہ ھای علمیہ نیز پوری ملت تشیع کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں ۔