حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ممبئی/ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مناسبت سے البقیع آرگنائزیشن شکاگو امریکہ کی جانب سے زوم کے ذریعے مولانا محبوب مہدی عابدی نجفی کی صدارت میں ایک انٹرنیشنل کانفرنس برگزار کی گئی ۔
کانفرنس کا آغاز کرتے ہوئے مہاراشٹرا کے شہر پونا سے مولانا اسلم رضوی نے آیت اللہ العظمی شیخ وحید خراسانی کی جانگداز رحلت پر تسلیت پیش کی اور جنت البقیع کی مظلومیت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ جب محب اہلبیت مدینہ منورہ جاتا ہے اور بقیع میں معصومین کی شکستہ قبروں کو دیکھتا ہے تو اس کی آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں اور دل ٹوٹ جاتا ہے ۔
ہندوستان کی ایک محترم و فعال شخصیت جناب سید غلام مرتضی رضوی نے جنت البقیع کی مختصر مگر جامع تاریخ پیش کی اور فرمایا کہ جنت البقیع کا مسئلہ صرف ایک قوم کا مسئلہ نہیں ہے چونکہ اس کا تعلق ثقافتی ورثے سے ہے اس لیے اس کا تعلق عالم انسانیت سے بھی ہے ۔
آثار قدیمہ کے ماہرین سے ہماری گزارش ہے کہ وہ بقیع میں روضوں کی تعمیر کے لیے آگے آئیں ۔ جنت البقیع صرف ایک قبرستان نہیں ہے بلکہ تاریخ اسلام کی اہم پہچان بھی ہے ۔
عالم تشیع کی ایک ممتاز ہستی، پدم شری ایوارڈ سے نوازے جانے والی محترم شخصیت جناب پروفیسر عین الحسن عابدی نے نثر و نظم دونوں میں جنت البقیع کی مظلومیت کو بہترین انداز میں پیش کیا اور فرمایا کہ ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ بہت جلد بقیع میں ایک خوبصورت روضہ تعمیر ہوگا ۔
آپ نے نظم کے ذریعے بقیع کو ان الفاظ میں یاد کیا ۔
اے کاش کوئی کہہ دے یہ قبر بتول پر :- ماتم کرو حسن یہ تمہیں اختیار ہے
آواز آرہی ہے مسلسل بقیع سے :- زینب تمہارے صبر پہ زہرا نثار ہے۔
البقیع آرگنائزیشن شکاگو امریکہ کے روح رواں مولانا سید محبوب مہدی عابدی نجفی نے آیت اللہ العظمی شیخ وحید خراسانی طاب ثراہ کی رحلت پر تسلیت پیش کی اور فرمایا کہ ایام عزائے فاطمیہ جو ادھر چند سالوں سے پورے آب و تاب کے ساتھ منایا جارہا ہے آیت اللہ وحید خراسانی کی سعی پیہم کا نتیجہ ہے ۔
آپ نے البقیع آرگنائزیشن کی تحریک کو بیان کرتے ہوئے فرمایا الحمدللہ جنت البقیع کی تحریک اب پوری دنیا میں پھیل چکی ہے لیکن ایک چبھتا ہوا اہم سوال یہ ہے کہ اس تحریک تعمیر بقیع میں ہمارا حصہ کتنا ہے ؟!
حاجی محمد جواد اصفہانی ٹرسٹ کے ٹرسٹی اور انجمن حمیت ایرانیان اثنا عشری پونہ کے صدر جناب ڈاکٹر محمد خواجہ نوری نے اپنی جاذب تقریر میں البقیع آرگنائزیشن شکاگو کا شکریہ ادا کیا اور فرمایا کہ یہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ ھم جب نجف اور کربلا جاتے ہیں تو وہاں مولیٰ علی علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام کا خوبصورت روضہ دکھائی دیتا ہے لیکن جب ھم مدینہ منورہ آتے ہیں تو معصومین علیہم السلام کی مسمار قبریں دکھائی دیتی ہیں ۔
شہر بنگلور سے ایک فعال اور انقلابی شخصیت جناب سید حاکم رضا موسوی نے اپنی مختصر مگر دلکش تقریر میں البقیع آرگنائزیشن کے تمام ذمےداروں کا شکریہ ادا کیا اور فرمایا کہ رھبر شھید حضرت آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد جس طرح دنیا اور خاص کر مغربی ایشیا کے حالات میں مثبت تبدیلیاں آرہی ہیں اس سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ بہت جلد جنت البقیع میں روضہ تعمیر ہوگا ۔
اس کامیاب کانفرنس کی دلکش نظامت ایس این این چینل کے ایڈیٹر ان چیف مولانا علی عباس وفا نے کی ۔











آپ کا تبصرہ