جمعہ 20 نومبر 2026 - 13:51
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی نے شاگردوں کی تربیت اور مکتب اہل بیتؑ کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا: آیت اللہ حسینی بوشہری

حوزہ/ جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے سربراہ آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری نے کہا ہے کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی نے اپنی علمی اور دینی خدمات، فقہ و اصول کی تعلیم و ترقی اور ممتاز شاگردوں کی تربیت کے ذریعے حوزہ علمیہ کو مضبوط بنانے اور مکتب اہل بیتؑ کے تحفظ میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری نے جمعرات 19 نومبر کو حرم امام رضا علیہ السلام کے رواق امام خمینیؒ میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی یاد میں منعقدہ مجلس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی عالم دین وہ ہے جس کے علم اور خدمات سے معاشرے کو فائدہ پہنچے اور اس کے تربیت یافتہ شاگرد، علمی آثار اور دینی خدمات اس کی وفات کے بعد بھی لوگوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنیں۔

انہوں نے امام رضا علیہ السلام کی ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فقیہ کی پہچان یہ ہے کہ اس کے وجود سے لوگوں کو خیر اور برکت پہنچے۔ عالم دین کی ذمہ داری صرف شرعی احکام بیان کرنا نہیں، بلکہ معاشرے کی فکری، اعتقادی اور اخلاقی رہنمائی بھی ہے۔ بسا اوقات کسی عالم کا ایک فتویٰ پوری قوم کو استعمار کے تسلط سے نجات دلانے کا سبب بن سکتا ہے، جیسا کہ میرزا شیرازیؒ نے اپنے تاریخی فتوے کے ذریعے استعمار کے خلاف مؤثر کردار ادا کیا۔

آیت اللہ حسینی بوشہری نے حقیقی عالم دین کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ تقوی، تواضع، اخلاص، عدل، خیرخواہی اور سادہ زندگی عالم دین کی بنیادی صفات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علماء صرف درس و تدریس تک محدود نہیں ہوتے، بلکہ وہ معاشرے کی اعتقادی اور فکری سرحدوں کے محافظ بھی ہیں اور علمی، اخلاقی اور دینی جدوجہد کے ذریعے گمراہ کن نظریات کا مقابلہ کرتے ہیں۔

آیت اللہ بوشہری نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی شخصیت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 27 سال کی عمر میں اجتہاد کا بلند مقام حاصل کر لیا تھا۔ نجف اشرف میں آیت اللہ سید عبدالہادی شیرازیؒ، آیت اللہ سید محسن حکیمؒ اور آیت اللہ سید ابوالقاسم خوئیؒ جیسے بزرگ علماء سے کسب فیض کیا اور اسی دوران تدریس و تربیت کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی شخصیت صرف فقہ و اصول کے علمی مقام تک محدود نہیں تھی، بلکہ قرآن کریم سے گہرا تعلق اور اہل بیتؑ، بالخصوص امیرالمؤمنین حضرت علیؑ اور حضرت فاطمہ زہراؑ سے بے پناہ عقیدت ان کی نمایاں خصوصیات تھیں۔ انقلاب اسلامی کے دوران ان کے انقلابی مؤقف، امام خمینیؒ کی توہین پر احتجاج اور دفاع مقدس کے دوران محاذوں پر مجاہدین سے ملاقاتیں ان کی دینی ذمہ داری اور شجاعت کی مثالیں ہیں۔

انہوں نے آیت اللہ وحید خراسانیؒ کے تشییع جنازے میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کو مرجعیت اور روحانیت سے عوام کی گہری وابستگی کی علامت قرار دیا۔

آخر میں آیت اللہ حسینی بوشہری نے کہا کہ آج حوزات علمیہ کی اہم ذمہ داری جدید علمی اور سماجی تقاضوں کے مطابق تحقیق، تعلیم اور ممتاز علماء کی تربیت ہے، تاکہ نئی نسل کے فکری اور دینی سوالات کے مؤثر جواب دیے جا سکیں۔ انہوں نے آیت اللہ وحید خراسانیؒ کے علمی و اخلاقی ورثے کو محفوظ رکھنے اور ان کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha