جمعہ 20 نومبر 2026 - 01:46
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ معارفِ مهدوی اور شعائرِ فاطمی کے علمبردار تھے: علامہ علی اصغر سیفی

حوزہ/ حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہؑ میں علامہ علی اصغر سیفی نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے ان کی علمی، فقہی اور مہدوی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور انہیں معارفِ مهدوی و شعائرِ فاطمی کا علمبردار قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ/ حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں اپنے ہفتہ وار خطاب کے دوران استاد حوزہ علمیہ قم علامہ علی اصغر سیفی نے مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے سانحۂ ارتحال پر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجع عظام، علمائے کرام اور تمام اہل ایمان و منتظرین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی علمی، فقہی، دینی اور مہدوی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

علامہ سیفی نے کہا کہ سال 2026ء عالم تشیع کے لیے انتہائی غم انگیز اور صدمہ خیز سال رہا ہے، جس میں

علم و فقاہت کے متعدد عظیم ستون اور ممتاز علمی و دینی شخصیات ہم سے جدا ہوگئیں۔ انہوں نے شہید رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای، آیت اللہ العظمیٰ فیاض، آیت اللہ العظمیٰ شبیر زنجانی اور آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے انتقال کو عالم اسلام اور حوزاتِ علمیہ کے لیے عظیم سانحہ قرار دیا۔

آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی شخصیت کا تذکرہ کرتے ہوئے علامہ سیفی نے انہیں امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے معارف و تعلیمات کے مخلص ترجمان اور شعائرِ فاطمی کے احیاء کا عظیم علمبردار قرار دیا اور کہا کہ آپؒ نہ صرف عظیم خطیب، ممتاز مدرس اور بلند پایہ فقیہ تھے، بلکہ امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ذکر اور شعائرِ فاطمی کے احیاء پر بھی خصوصی توجہ فرماتے تھے۔

علامہ سیفی نے اپنے ذاتی مشاہدات بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی انہیں آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی خدمت میں حاضری کا موقع ملا، آپؒ بالخصوص دو اہم امور کی نصیحت فرماتے تھے۔ پہلی نصیحت یہ تھی کہ امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ذکر کو کبھی فراموش نہ کیا جائے، یہاں تک کہ قرآن کریم کی تلاوت کرکے اس کا ثواب بھی امام زمانہؑ کی بارگاہ میں ہدیہ کیا جائے۔ دوسری نصیحت ایامِ فاطمیہ کو بھرپور انداز میں زندہ رکھنے اور ان کی ترویج سے متعلق تھی۔ آپؒ رات کے وقت سورۂ یٰسین کی تلاوت کرکے اس کا ثواب حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی روحِ مطہرہ کو ہدیہ کرنے کی بھی تاکید فرماتے تھے۔

انہوں نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ ماہِ رمضان المبارک میں تبلیغ کے لیے روانگی سے قبل وہ آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور نصیحت کی درخواست کی۔ اس موقع پر آپؒ نے فرمایا کہ جہاں بھی درس دیں یا مجلس سے خطاب کریں، امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کا ذکر ضرور کریں اور کم از کم حاضرین سے دعائے سلامتی امام زمانہؑ کی تلاوت ضرور کروائیں۔

علامہ سیفی نے مزید کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپایگانیؒ کے بعد مہدویت کے موضوع پر جس گہرائی، وسعت اور عظمت کے ساتھ آیت اللہ وحید خراسانیؒ نے علمی و فکری خدمات انجام دیں، وہ اپنی مثال آپ ہیں۔

خطاب کے ایک اور حصے میں انہوں نے غیبت کے آغاز سے عصر حاضر تک فقہائے شیعہ کی علمی و دینی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے امام علی نقی الہادی علیہ السلام کی ایک اہم روایت بیان کی، جسے طبرسی نے اپنی کتاب الاحتجاج میں نقل کیا ہے۔

اس روایت کے مطابق امام ہادی علیہ السلام نے زمانۂ غیبت میں فقہائے دین کی اہمیت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر غیبت کے دور میں ایسے فقہائے کرام موجود نہ ہوتے تو دینِ خدا باقی نہ رہتا۔ امامؑ نے ان فقہاء کی چار بنیادی خصوصیات بیان فرمائیں:

1. لوگوں کو دینِ خدا کی طرف دعوت دینا۔

2. دلائل و براہین کے ذریعے لوگوں کی حق کی جانب رہنمائی کرنا۔

3. دینِ خدا پر دشمنوں کی جانب سے ہونے والے حملوں کا دفاع کرنا۔

4. لوگوں کو شیطان اور شیطان صفت گمراہ کرنے والوں کے فریب سے محفوظ رکھنا۔

علامہ سیفی نے اس روایت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امام ہادی علیہ السلام نے ایسے فقہاء کو کشتی کے ملاح سے تشبیہ دی ہے، جو کشتی میں سوار افراد کی حفاظت اور رہنمائی کرتا ہے۔ اسی طرح یہ فقہاء لوگوں کے دلوں کو باطل اور گمراہی سے محفوظ رکھتے ہیں۔ امامؑ نے ان فقہاء کو اللہ تعالیٰ کے نزدیک بلند مقام و منزلت کی حامل شخصیات قرار دیا ہے۔

علامہ علی اصغر سیفی نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کو امام ہادی علیہ السلام کی بیان کردہ ان صفات کا عملی مصداق قرار دیتے ہوئے ان کی علمی، فقہی، دینی اور مہدوی خدمات کو ناقابلِ فراموش قرار دیا۔

خطاب کے اختتام پر علامہ سیفی نے آیت اللہ وحید خراسانیؒ کے بلندیِ درجات اور رضوانِ الٰہی کے لیے دعا کی۔ اس کے بعد حاضرین کے ہمراہ قرآن کریم کی ایک سورہ مبارکہ کی تلاوت کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha