حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ادارہ تنظیم المکاتب لکھنؤ میں عالمِ تشیع کی عظیم علمی و فقہی شخصیت، مرجعِ عالی قدر، شیخ الفقہاء حضرت آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانیؒ کی یاد میں قرآن خوانی اور تعزیتی جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام، دینی شخصیات، طلاب اور ادارے کے کارکنان نے شرکت کرتے ہوئے مرحوم کی علمی، فقہی اور دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

تعزیتی ریفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی سے ہوا۔
اس موقع پر آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے درجات کی بلندی، مغفرت اور ان کے علمی و دینی مشن کے تسلسل کے لیے دعا کی گئی۔
تنظیم المکاتب کے سکریٹری مولانا سید صفی حیدر زیدی نے آیت الله العظمیٰ حسین وحید خراسانیؒ کی شخصیت، علمی مقام اور فقہی عظمت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے مرحوم کی گراں قدر دینی خدمات اور حوزۂ علمیہ میں ان کے نمایاں مقام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسی عظیم علمی شخصیات کا وجود دینی و علمی حلقوں کے لیے سرمایۂ افتخار ہوتا ہے اور ان کی علمی میراث آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بزرگ علماء اور مراجعِ عظام کی علمی و دینی خدمات کو یاد رکھنا اور ان کے افکار و تعلیمات کو نئی نسل تک منتقل کرنا ہم سب کی اہم ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر مولانا سید ممتاز جعفر، مولانا سید تہذیب الحسن، مولانا فیروز علی اور مولانا سید نصرت جعفری نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
مقررین نے آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی علمی بصیرت، فقہی مقام، دینی استقامت اور علومِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج و اشاعت کے سلسلے میں ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مجلسِ ترحیم کے اختتام پر مرحوم آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانیؒ کی مغفرت، بلندیٔ درجات اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔ اس تعزیتی جلسے میں تنظیم المکاتب کے طلاب، علماء کرام اور کارکنان نے شرکت کی۔










آپ کا تبصرہ