حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل، لداخ کے صدر شیخ ناظر مہدی محمدی نے اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانیؒ کی علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی رحلت کو عالمِ تشیع اور حوزاتِ علمیہ کے لیے عظیم نقصان قرار دیا ہے۔ ان کا مکمل تعزیتی پیغام درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
نہایت رنج و غم اور قلبی افسوس کے ساتھ عالمِ تشیع کی عظیم علمی و روحانی شخصیت، فقیہِ اہلِ بیتؑ، مرجعِ عالیقدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانیؒ کے ارتحال کی خبر موصول ہوئی۔
حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ نے اپنی پوری زندگی علومِ محمد و آلِ محمدؑ کی ترویج، فقہ و معارفِ اہلِ بیتؑ کی اشاعت، حوزہ ہائے علمیہ کی سرپرستی، تشیع کی علمی و فکری رہنمائی اور مکتبِ اہلِ بیتؑ کے دفاع میں صرف کی۔ آپ کی علمی خدمات، دینی بصیرت، تربیتِ علماء اور بالخصوص شعائرِ حسینیؑ و عزائے سیدہ فاطمہ زہراؑ کے احیاء کے لیے آپ کی گراں قدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
اس عظیم علمی و دینی شخصیت کا سانحۂ ارتحال عالمِ اسلام، بالخصوص عالمِ تشیع اور حوزہ ہائے علمیہ کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
اس عظیم سانحے پر ہم بارگاہِ حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظام، حوزہ ہائے علمیہ، آپ کے اہلِ خانہ، شاگردوں، عقیدت مندوں اور تمام مومنین و مومنات کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ بحقِ محمد و آلِ محمدؑ مرحوم کو جوارِ رحمتِ الٰہی میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی دینی و علمی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور تمام سوگواران کو صبرِ جمیل و اجرِ عظیم عنایت فرمائے۔
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
شیخ ناظر مہدی محمدی
صدر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ، ہندوستان










آپ کا تبصرہ