حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے شعبۂ عربی کے زیر اہتمام اسکول آف لینگویجز، لسانیات و ہندوستانیات کے کانفرنس ہال میں ’’بیسویں صدی میں جدید عراقی عربی شاعری کے رجحانات‘‘ کے موضوع پر ایک توسیعی خطبے کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد کی سینئر پروفیسر اور صدر شعبۂ عربی، پروفیسر سیدہ طلعت سلطانہ نے مہمان مقرر کی حیثیت سے خطاب کیا۔
اس موقع پر شعبۂ عربی مانو کے صدر ڈاکٹر سعید بن مخاشن نے ابتدائی کلمات میں مہمان مقرر کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ بدر شاکر السیاب، عبد الوہاب البیاتی اور نازک الملائکہ جدید عراقی عربی شاعری کے ممتاز نام ہیں، جنہوں نے عربی ادب میں ایک نئے شعری اسلوب اور فکری رجحان کی بنیاد رکھی۔ ان تینوں شعرا نے عربی شاعری کو روایتی قصیدہ گوئی کے دائرے سے نکال کر انسانی زندگی کے پیچیدہ مسائل، اجتماعی شعور، انفرادی احساسات اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا اور جدید عربی شاعری کی تشکیل و ارتقا میں تاریخی کردار ادا کیا۔
اپنے توسیعی خطبے میں پروفیسر سیدہ طلعت سلطانہ نے بیسویں صدی کی عراقی شاعری کے تاریخی پس منظر، فکری و فنی رجحانات اور جدید شعری تحریکوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید عراقی شاعری عراق کے سیاسی، سماجی اور تہذیبی شعور کی بھرپور عکاسی کرتی ہے، جس میں قومی احساسات اور انسانی تجربات کو مؤثر شعری اظہار ملا ہے۔ عراقی شعرا نے کلاسیکی شعری روایت سے استفادہ کرتے ہوئے جدید فکری موضوعات اور فنی تجربات کو اپنایا، جس کے نتیجے میں عربی شاعری کو نئی جہتیں حاصل ہوئیں۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر گلفشاں حبیب، ڈین اسکول آف لینگویجز نے کہا کہ اس نوعیت کے علمی خطبات طلبہ کو نصابی تعلیم سے آگے بڑھ کر زبان و ادب کے وسیع تر علمی منظرنامے سے روشناس کراتے ہیں۔ ایسے پروگرام طلبہ میں تحقیقی ذوق، تنقیدی شعور اور علمی تبادلے کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر پروفیسر شگفتہ شاہین، ایسوسی ایٹ ڈین اسکول آف لینگویجز نے بھی پروگرام کی علمی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید عربی شاعری کا مطالعہ عرب دنیا کی فکری، سماجی اور تہذیبی تبدیلیوں کو سمجھنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ طلبہ کو کلاسیکی عربی ادب کے ساتھ جدید ادبی تحریکوں اور شعری تجربات کا بھی گہرائی سے مطالعہ کرنا چاہیے اور اس میدان میں تحقیقی کام کو فروغ دینا چاہیے۔
پروگرام کی نظامت ڈاکٹر طلحہ فرحان، اسسٹنٹ پروفیسر شعبۂ عربی، مانو نے انجام دی، جبکہ ڈاکٹر شمس الدین نے کلماتِ تشکر ادا کیے۔
پروگرام میں پروفیسر محمد افتخار عالم، صدر شعبۂ فارسی، پروفیسر عبدالرحیم پٹھان، صدر شعبۂ ہندی، ڈاکٹر جاوید ندیم ندوی، ڈاکٹر آصف لئیق ندوی سمیت دیگر اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔










آپ کا تبصرہ