جونپور/ امامِ جمعہ بھادی شاہ گنج، جونپور مولانا سید معصوم رضا کیفی نے مرجعِ عالی قدر، فقیہِ اہل بیت علیہم السلام حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے سانحۂ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمِ تشیع اور حوزہ ہائے علمیہ کے لیے عظیم علمی و دینی نقصان قرار دیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں مولانا سید معصوم رضا کیفی نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی ایک روایت نقل کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی عالمِ دین دنیا سے رخصت ہوتا ہے تو اسلام میں ایسی دراڑ پڑ جاتی ہے جسے قیامت تک کوئی چیز پُر نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت کی خبر نہایت رنج و غم کا باعث ہے، تاہم ہم اللہ تعالیٰ کی قضا و قدر پر راضی ہیں۔
مولانا کیفی نے مرحوم کی علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانیؒ جلیل القدر عالمِ ربانی، بلند پایہ فقیہ، محقق اور اہلِ علم کے مربی تھے۔ آپ نے اپنی پوری بابرکت زندگی علومِ آلِ محمد علیہم السلام کی ترویج و اشاعت، فقہ و شریعت کی خدمت، حوزہ ہائے علمیہ کی علمی و روحانی ترقی، علماء و فضلاء کی تربیت اور مؤمنین کی دینی رہنمائی میں صرف کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فقہ و اصول کے میدان میں آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی علمی کاوشیں اور تدریسی خدمات حوزہ ہائے علمیہ کے علمی ورثے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ آپ نے علم کو تحقیق، تدریس کو تربیت اور فقاہت کو دینی رہنمائی سے وابستہ رکھا۔ آپ کی علمی و عملی زندگی آنے والی نسلوں کے لیے علم، تقویٰ اور خدمتِ دین کا روشن نمونہ ہے۔
مولانا سید معصوم رضا کیفی نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی رحلت صرف ان کے اہلِ خانہ، شاگردوں اور عقیدت مندوں ہی کے لیے نہیں، بلکہ تمام حوزہ ہائے علمیہ اور پوری دنیاے تشیع کے لیے ایک عظیم علمی نقصان ہے۔ ان کی جدائی سے علمی و دینی حلقوں میں ایک ایسا خلا پیدا ہوا ہے جس کا احساس مدتوں باقی رہے گا۔
آخر میں مولانا کیفی نے حضرت ولی عصر امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظام، حوزہ ہائے علمیہ، مرحوم کے اہلِ خانہ، شاگردوں، متعلقین، محبین اور پوری امتِ مسلمہ کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے بارگاہِ خداوندی میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی وسیع رحمت و مغفرت سے نوازے، ان کی علمی و دینی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور انہیں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آلِ طاہرین علیہم السلام کے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ نیز پسماندگان کو صبرِ جمیل و اجرِ جزیل عنایت فرمائے۔










آپ کا تبصرہ