بدھ 18 نومبر 2026 - 12:18
آفتابِ فقاہت کی رحلت سے عالمِ تشیع ایک عظیم علمی و دینی شخصیت سے محروم ہو گیا: مولانا مصطفیٰ علی خان ادیب الہندی

حوزہ/مولانا مصطفیٰ علی خان ادیب الہندی نے عالمِ تشیع کے ممتاز مرجعِ تقلید، بلند پایہ فقیہ، محقق اور استاد حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک عظیم علمی و دینی سانحہ قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا مصطفیٰ علی خان ادیب الہندی لکھنؤ نے عالمِ تشیع کے ممتاز مرجعِ تقلید، بلند پایہ فقیہ، محقق اور استاد حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک عظیم علمی و دینی سانحہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت سے حوزہ ہائے علمیہ ایک ایسی علمی و روحانی شخصیت سے محروم ہو گئے ہیں، جنہوں نے اپنی پوری زندگی علمِ دین کی خدمت، تحقیق و تدریس اور معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج میں صرف کی۔

انہوں نے مرحوم کی علمی شخصیت کو فقہ و اصول میں گہری بصیرت، دقیق استدلال اور تحقیقی ژرف نگاہی کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حوزۂ علمیہ قم میں ان کی طویل تدریسی خدمات اور متعدد نسلوں کی علمی تربیت نے انہیں عصرِ حاضر کے ممتاز فقہاء و اساتذہ میں نمایاں مقام عطا کیا۔ اہلِ بیت علیہم السلام سے والہانہ عقیدت اور حریمِ امامت و ولایت کی پاسبانی ان کی دینی و فکری زندگی کا نمایاں وصف تھا۔

مولانا مصطفیٰ علی خان ادیب الہندی لکھنؤ نے مزید کہا کہ بزرگ علماء کی رحلت سے پیدا ہونے والا علمی خلا آسانی سے پُر نہیں ہوتا، تاہم ان کے علمی آثار، افکار اور تربیت یافتہ شاگرد ان کے فیض کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرتے رہتے ہیں۔ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی و دینی خدمات مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کا گراں قدر سرمایہ ہیں۔

انہوں نے حضرت امام عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظام، حوزہ ہائے علمیہ، مرحوم کے اہلِ خانہ، شاگردوں اور تمام محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے بارگاہِ خداوندی میں دعا کی کہ پروردگارِ عالم مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، انہیں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کے ساتھ محشور فرمائے، ان کی علمی و دینی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور تمام پسماندگان و سوگواروں کو صبرِ جمیل و اجرِ جزیل عنایت فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha