جمعہ 20 نومبر 2026 - 01:10
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت علم و فقاہت کے ایک عظیم عہد کا خاتمہ ہے: مولانا سید مہدی عباس زیدی

حوزہ/ امام جمعہ چھجوپورہ سادات مولانا سید مہدی عباس زیدی نے آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالم تشیع اور حوزہ ہائے علمیہ کے لیے عظیم علمی و دینی خسارہ قرار دیا۔ انہوں نے مرحوم کی فقہی، تدریسی، تحقیقی اور تبلیغی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایامِ فاطمیہ کی ترویج اور تحفظِ ولایت کے حوالے سے آپ کے نمایاں کردار کو ناقابلِ فراموش قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بجنور/ امام جمعہ چھجوپورہ سادات مولانا سید مہدی عباس زیدی نے مرجعِ عالی قدر جہانِ تشیع، فقیہ اہل بیت عصمت و طہارت اور حوزہ علمیہ کے ممتاز استاد حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے سانحۂ ارتحال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس عظیم علمی و دینی شخصیت کی رحلت کو عالم تشیع، حوزہ ہائے علمیہ اور مکتب اہل بیت علیہم السلام کے پیروکاروں کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

انہوں نے اپنے تعزیتی تاثرات میں کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی پوری زندگی علم و فقاہت، تقویٰ و پرہیزگاری، اخلاقی فضائل اور دینی خدمات سے عبارت تھی۔ آپ کے علمی و معنوی آثار اور مخلصانہ خدمات ہمیشہ اہل علم و معرفت کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔

مولانا زیدی نے آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی تدریسی اور تحقیقی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک ممتاز استاد ہونے کے ساتھ اپنے شاگردوں کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کا خصوصی اہتمام فرماتے تھے۔ آپ کا طریقۂ تدریس یہ تھا کہ کسی بھی موضوع کو مختلف علمی پہلوؤں سے زیرِ بحث لاتے، تاکہ طلبہ مختلف کتب و مصادر کی جانب رجوع کریں، گہرائی کے ساتھ مطالعہ کریں اور اپنی تحقیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں۔ آپ کی کوشش تھی کہ طلبہ قرآن مجید کی آیات اور احادیثِ معصومین علیہم السلام سے استنباط کی صلاحیت حاصل کریں اور عصر حاضر کے پیچیدہ مسائل کا علمی و استدلالی بنیادوں پر حل پیش کرسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی دینی، علمی اور تبلیغی خدمات کا دائرہ نہایت وسیع ہے۔ ایک صدی پر محیط آپ کی حیاتِ علمی میں حدیث، تفسیر، فقاہت اور دینی معارف کی ترویج کے ساتھ عوام الناس میں اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے بھی نمایاں خدمات انجام دی گئیں۔

مولانا سید مہدی عباس زیدی نے ایامِ فاطمیہ کو عام کرنے اور اس کی اہمیت و عظمت کو معاشرے میں اجاگر کرنے کے سلسلے میں آیت اللہ وحید خراسانیؒ کے کردار کو خصوصی طور پر قابلِ ذکر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ایام کی ترویج اور مجالس و محافل کے ذریعے سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے پیغام کو عام کرنے میں آپ کا کردار نہایت اہم رہا۔ آپ نے خطباء، ذاکرین اور اہل منبر کو ان ایام کی اہمیت اور معارفِ فاطمیہ سے عوام کو روشناس کرانے کی جانب متوجہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دفاعِ ولایت، تحفظِ عقائد اور نوجوان نسل کو عصر حاضر کے فکری و اعتقادی چیلنجوں سے آگاہ کرنے کے سلسلے میں بھی آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

آخر میں مولانا سید مہدی عباس زیدی نے بارگاہِ خداوندی میں دعا کی کہ پروردگارِ عالم آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی تمام علمی، دینی اور تبلیغی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور انہیں محمد و آل محمد علیہم السلام کی شفاعت نصیب فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha