حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ پیرس، چنئی، تمل ناڈو، مولانا محمد معراج رنوی نے عالمِ تشیع کے عظیم مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے سانحۂ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت صرف ایک عظیم عالم اور مرجعِ تقلید کا فقدان نہیں بلکہ ایک عہدِ علمی، فکری اور دینی عظمت کا اختتام ہے۔ آپ نے اپنی پوری زندگی تحصیلِ علم، تحقیق، تدریس، تربیتِ علماء، ترویجِ معارفِ اہلِ بیتؑ اور دفاعِ ولایت و امامت کے لیے وقف کردی تھی۔
مولانا محمد معراج رنوی نے مزید کہا کہ آپ کی علمی بصیرت، فقہی ژرف نگاہی، تقویٰ و پرہیزگاری، دینی غیرت اور اہلِ بیتؑ سے والہانہ وابستگی ہمیشہ تاریخِ تشیع میں یاد رکھی جائے گی۔ بالخصوص ایامِ فاطمیہ کے احیا، مجالسِ عزاء کے فروغ اور مظلومیتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے سلسلے میں آپ کی جدوجہد اور خصوصی اہتمام ناقابلِ فراموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے اپنے علمی و عملی کردار سے یہ پیغام دیا کہ شعائرِ فاطمیہ محض چند روزہ عزاداری نہیں بلکہ دفاعِ رسالت، ولایت و امامت اور مظلومیتِ اہلِ بیتؑ کو زندہ رکھنے کا ایک عظیم دینی فریضہ ہے۔
مولانا محمد معراج رنوی نے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظام، حوزہ ہائے علمیہ نجف و قم، مرحوم کے اہلِ خانہ، شاگردوں، عقیدت مندوں اور تمام شیعیانِ جہان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے بارگاہِ خداوندی میں دعا کی کہ پروردگارِ عالم مرحوم کو جوارِ محمد و آلِ محمدؑ میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی علمی و دینی خدمات کو ذخیرۂ آخرت قرار دے اور تمام سوگواروں کو صبرِ جمیل و اجرِ جزیل عنایت فرمائے۔










آپ کا تبصرہ