حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مكتب امام جعفر صادق ناگپور ہندوستان کے سربراہ مولانا غلام حسین کربلائی نے آیت اللہ وحید خراسانی کی رحلت کے موقع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے اپنی ایک صدی پر محیط بابرکت زندگی علم دین کی تروج، فقہ و اصول کی تدریس اور مکتب اہلِ بیت کی سربلندی کے لیے وقف رکھی۔ نیشاپور و مشہد سے لے کر نجف اشرف میں آیت اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم الخوئی جیسے عظیم اساتذہ کے زیر سایہ علمی منازل طے کرنے کے بعد، آپ نے حوزہ علمیہ قم میں برسوں تک درس خارج کے ذریعے ہزاروں علماء اور فضلاء کی علمی و روحانی تربیت فرمائی۔ فقہ، اصول، تفسیر قرآن اور علم کلام پر آپ کی گہری دسترس اور علمی مقام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دینی خدمات کے ساتھ ساتھ قرآن و اہلبیت کی تعلیمات کے فروغ اور امت مسلمہ کے درمیان باہمی احترام و وحدت کے حوالے سے آیت اللہ وحید خراسانی کے ارشادات اور فتاویٰ مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔
مکتبِ امام جعفر صادق کے سربراہ نے مزید کہا کہ اس عظیم نقصان پر امام زمانہ عج اور رہبر معظم سید مجتبیٰ خامنہ ای حفظ اللہ اور حوزہ ہائے علمیہ کے مراجع عظام، علماء، طلباء، آپ کے پسماندگان اور دنیا بھر میں موجود آپ کے مقلدین اور عقیدت مندوں کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تبارک و تعالی مرحوم کے درجات کو بلند فرمائے، انہیں جوار معصومین علیہم السلام میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے۔










آپ کا تبصرہ