جمعرات 19 نومبر 2026 - 12:31
آیت اللہ العظمی وحید خراسانی نے حوزہ علمیہ کی تاریخ اور فقہِ اہل بیتؑ کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا

حوزہ/ آیت اللہ العظمیٰ مظاہری نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کے انتقال پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پرہیزگار فقیہ نے حوزہ علمیہ کی تاریخ اور فقہِ آلِ محمدؑ کے دائرے کو وسعت دینے میں نمایاں اور ممتاز کردار ادا کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ مظاہری نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے، جس کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

اِنّا لِلّٰہِ وَاِنّا اِلَیْہِ رَاجِعُونَ

فقیہ اہل بیتِ عصمت و طہارتؑ م اور عظیم مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ حاج شیخ حسین وحید خراسانی کے انتقال کی المناک خبر سے گہرا دکھ اور افسوس ہوا۔

یہ عظیم سانحہ عالمِ تشیع اور حوزات علمیہ، بالخصوص حوزہ علمیہ قم کے لیے ایک ایسا ناقابلِ تلافی نقصان ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔

اس پرہیزگار فقیہ نے کئی دہائیوں تک نجف اشرف، مشہد مقدس اور قم کے حوزات علمیہ میں اعلیٰ سطح پر تدریس کے ذریعے بے شمار علماء، مجتہدین اور اساتذہ کی تربیت کی۔ اس اعتبار سے انہوں نے حوزات علمیہ کی تاریخ اور فقہِ آلِ محمدؑ کے فروغ میں نمایاں اور ممتاز کردار ادا کیا۔

اسی طرح مرجعیت کے منصب پر فائز رہتے ہوئے دینی اقدار کی حفاظت، تشیع کے گراں قدر علمی و دینی ورثے کی پاسداری، شعائرِ الٰہی کی تعظیم اور ولایت اہل بیتِ اطہار علیہم السلام کے دفاع میں بھی ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ بالخصوص حضرت صدیقہ کبریٰ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت اور ان کے دفاع کے سلسلے میں ان کا کردار نہایت اہم رہا۔ بالآخر انہوں نے ایک بابرکت زندگی گزارنے کے بعد حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت کے ایام میں اپنے پروردگار کی بارگاہ میں حاضری دی۔

میں ان کے معزز خاندان، عالم و فاضل فرزندوں، دیگر پسماندگان، تمام شاگردوں، عقیدت مندوں اور مقلدین کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعاگو ہوں کہ مرحوم کے درجات کو اعلیٰ علیین میں بلند فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم عطا فرمائے۔

لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ

حسین المظاہری

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha