حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ امام صادقؑ، واشی، نیو ممبئی نے مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے سانحۂ ارتحال پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے ان کی علمی، دینی اور معنوی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَیْهِ رَاجِعُونَ
فقیہِ عالی قدر، مرجعِ عظیم الشان جہانِ تشیع، عالمِ ربانی اور حوزہ ہائے علمیہ کے ممتاز استاد حضرت آیت اللہ العظمیٰ حاج شیخ حسین وحید خراسانی (قدس سرہ) کے سانحۂ ارتحال پر پوری دنیائے تشیع، حوزہ ہائے علمیہ اور مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام سے وابستہ تمام عقیدت مندوں کے لئے یہ ایک عظیم سانحہ اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
اس عظیم فقیہ اور عالمِ ربانی نے اپنی بابرکت زندگی تحصیلِ علم، تحقیق، تدریس اور معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج میں صرف کی۔ آپ نے علمی و معنوی جدوجہد، ممتاز شاگردوں کی تربیت، حریمِ ولایت کے تحفظ اور دینی شعائر کے احیا، بالخصوص حضرت صدیقۂ طاہرہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و مظلومیت کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں گراں قدر اور ناقابلِ فراموش خدمات انجام دیں۔
بلاشبہ، ایسی عظیم اور بے مثال علمی و دینی شخصیت کا فقدان، جو فقاہت، مرجعیت اور معارفِ نابِ تشیع کے تحفظ کے مستحکم ستونوں میں شمار ہوتی تھی، حوزہ ہائے علمیہ اور ملتِ اسلامیہ کے لئے ایک بڑا اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
حوزہ علمیہ امام صادق علیہ السلام، واشی، نیو ممبئی، اس جانکاہ سانحے پر حضرت بقیۃ اللہ الاعظم امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، رہبرِ معظم انقلاب، مراجعِ عظامِ تقلید، حوزہ ہائے علمیہ، خاندانِ محترم اور تمام شیعیان و محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔
بارگاہِ خداوندی میں دعا ہے کہ پروردگارِ عالم اس روحِ ملکوتی کو اولیائے الٰہی اور ائمہ اطہار علیہم السلام کے جوار میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور حوزہ ہائے علمیہ اور ان کے تمام عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل اور اجرِ جزیل عنایت فرمائے۔
حریمِ ولایت کے تحفظ اور معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج کے سلسلے میں اس فقیہِ فرزانہ کا علمی و عملی مکتب آئندہ نسلوں کے لئے مشعلِ راہ بنا رہے گا۔
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ











آپ کا تبصرہ