حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت آیۃ اللہ العظمی مظاهری نے ایک پیغام میں حضرت آیۃ اللہ العظمی الحاج شیخ لطف اللہ صافی گلپائیگانی کی رحلت کے موقع پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
تعزیتی پیغام کا تفصیلی متن کچھ یوں ہے:
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمنِ الرَّحیم
«إِنَّا لِلهِ وَ إِنّا إِلَیْهِ راجِعُونَ»
فقیۂ پارسا اور مرجع عالیقدر حضرت آیۃ اللہ الحاج شیخ لطف اللہ صافی گلپائیگانی (رح) کی افسوسناک رحلت عالم تشیع، حوزہ ہائے علمیہ اور خاص طور پر حوزہ علمیہ قم کے لئے ایک عظیم مصیبت اور سنگین سانحہ ہے۔
یہ جلیلالقدر فقیہ، حوزہ علمیہ قم کے رکن اور مرجعیّت تشیّع کے لئے باعث افتخار تھے۔ آپ حقیقی معنوں میں اخلاص، اخلاق اور ادب کے پیکر اور تقویٰ و معنویت سے مزین تھے اور علم و عمل کے اعلیٰ درجے پر فائز ہونے کے ساتھ حوزہ ہائے علمیہ میں ایک ممتاز حیثیت کے حامل اور ایک جامع شخصیت تھے۔ آپ سماجی مسائل کے حوالے سے احساس ذمہ داری اور ان امور پر عالمانہ نظر رکھتے تھے اور حقیقی معنوں میں عوام سے مخلص تھے۔
مرحوم آیۃ اللہ العظمی صافی اہل بیت علیہم السلام خاص طور پر حضرت بقیة الله الأعظم «ارواحنالهالفداء» سے والہانہ محبت رکھتے تھے اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی ترویج میں بے نظیر علمی خدمات اور مذہب تشیّع کا مجاہدانہ دفاع اس بابصیرت اور جلیل القدر فقیہ کی بابرکت زندگی کے نمایاں کارنامے شمار ہوتے ہیں۔
اخلاق و تقویٰ سے مزین اس عظیم فقیہ کی عمر، حقیقتاً خیر و برکت، علم و عمل، تقوی اور معنویّت سے آراستہ تھی اور آج ان کا فقدان ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
خداوند اس بزرگ فقیہ کی روح مطهر کو اعلیعلیّین اور اولیاء و معصومین علیہم السلام کے جوار میں جگہ عطا فرمائے۔
اس عظیم مصیبت پر حضرت ولیالله الأعظم عجل الله تعالی فرجه الشّریف کی خدمت اقدس اور حوزه ہائے علمیہ خاص طور پر حوزہ علمیہ قم، مرحوم و مغفور کے تمام لواحقین، شاگردوں، عقیدت مندوں اور مقلدین کی خدمت میں صمیمانہ تعزیت و تسلیت عرض کرتا ہوں۔
والسّلام علیه و علی جمیع عباد الله الصالحین و رحمة الله و برکاته.
حسین المظاهری
۲۹جمادیالثانی ۱۴۴۳ھ