۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
نمائندہ ولی فقیہ

حوزہ/ حجۃ الاسلام و المسلمین اقای مھدی مھدوی پور: ہندوستان کے علمائے اعلام اور مومنین کرام سے امیدکرتا ہوں کہ وہ پورے ہندوستان میں آپؒ کی شخصیت کے شایان شان پروگرام  برپا کریں اور ان کی زبردست تجلیل عمل میں لائیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،نمائندہ ولی فقیہ ہندوستان حجۃ الاسلام و المسلمین اقای مھدی مھدوی پور نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ عالم تشیع کے عظیم الشان مرجع وقت اور جلیل القدر شخصیت کے حامل حضرت آیۃ اللہ العظمی صافی گلپائیگانی رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال کی غم انگیز خبر بہت ہی افسوسناک اور حزن و الم کا باعث ہوئی۔ انا للہ وانا الیہ راجعون.

حق تعالیٰ نے آپ کو سو سال کی بابرکت عمر گرانقدر عنایت فرمائی تھی جس میں آپ نے اسلام اور مکتب تشیع کی فلاح و بہبود کے لئے بے شمار کتابیں تالیف کیں، ہزاروں شاگردوں کی تربیت کی اور ہمیشہ ایران کے اسلامی انقلاب اور اسلامی نظام کے پشت پناہ اور حامی رہے، اسی طرح طولانی مدت تک شورای نگہبان کے آئین کے فقیہ بھی رہے، یقینا آپ کی دقت نظر بے شمار قوانین کی تدوین میں بہت ہی مفید اور موثر رہی ہے۔

آپ فقہ اور اصول کے علاوہ تفسیر قرآن، حدیث، تاریخ اور علم کلام میں صاحب نظر بھی تھے اور ایران میں عوام کی فلاح و بہبود کےلئے بے شمار سماجی اور فلاحی خدمات انجام دیں، اسی طرح ۱۹۷۵ عیسوی میں ایک وفد کے ہمراہ ہندوستان کا سفر کیا ، حیدرآباد، لکھنو اور ممبئی جیسے بڑے شہروں کا دورہ کیا، مکتب اہل بیت علیہم السلام کے زبردست مبلغ اور حامی تھے اور ایران بلکہ عالمی سیاست میں بڑی گہری نظر رکھتے تھے جو اس عمر میں حیرت انگیز بات تھی۔

لہذا میں اپنا فریضہ سمجھتا ہوں کہ اس جانکاہ مصیبت اور ضیاع عظیم پر سب سے پہلے حضرت امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف، رہبر معظم مدظلہ العالی، مراجع کرام تمام مدارس اور حوزات علمیہ، مومنین کرام مخصوصا آپ کے اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت پیش کروں اور ہندوستان کے علمائے اعلام اور مومنین کرام سے امیدکرتا ہوں کہ وہ پورے ہندوستان میں آپؒ کی شخصیت کے شایان شان پروگرام برپا کریں اور ان کی زبردست تجلیل عمل میں لائیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .