حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کے سرپرست آیت اللہ علی رضا اعرافی نے معروف روحانی اور مبلغ دین حجۃ الاسلام والمسلمین محمد مہدی ابراہیمی فر کی وفات پر تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔
ان کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
انا للہ و انا الیہ راجعون
ہمارے عزیز اور رفیقِ کار جناب حجۃ الاسلام والمسلمین محمد مہدی ابراہیمی فر ( طاب ثراہ ) کی وفات پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا۔ مرحوم؛ شہید کے بھائی ہونے کے ساتھ ساتھ خود بھی دفاعِ مقدس کے محاذوں پر حق کی باطل کے خلاف جنگ میں موجود رہنے کا افتخار رکھتے تھے اور کئی سالوں تک بنگلہ دیش میں جامعۃ المصطفی کے نمائندہ کے طور پر خدمات کی انجام دہی اور مکتبِ و معارفِ اہل بیت علیہم السلام کی برکتوں کا ذریعہ بنے رہے اور آخرکار حضرت امام علی علیه السلام کی ولادت کے بابرکت دن جوارِ رحمتِ الہی میں جگہ پائی۔
مرحوم کے خاندان، ان کے بھائی اور باقی لواحقین کی خدمت میں تسلیت اور تعزیت پیش کرتا ہوں اور مرحوم کے لئے رحمتِ واسعہ الہی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل اور اجر جزیل کا طالب ہوں۔
علی رضا اعرافی
سرپرست حوزہ علمیہ