حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر ، حجت الاسلام والسلمین قاضی سید نیاز نقوی کی وفات پر تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے ۔
پیغام کا مکمل متن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
انا للہ و انا الیہ راجعون
قال رسول الله (صلی الله علیه و آله)
إِذَا مَاتَ الْعَالِمُ الْفَقیه ثُلِمَ فِی الْإِسْلَامِ ثُلْمَةٌ لَا یَسُدُّهَا شَیْءٌ
جناب آیت الله آقائے الحاج سید ریاض نقوی دامت افاضاتہ؛
سلام علیکم بما صبرتم
ممتاز عالم دین حضرت حجت الاسلام و المسلمین الحاج سید قاضی نیاز نقوی قدس سرہ الشریف کی المناک وفات پر جناب عالی سمیت علمائے کرام، پاکستانی حوزہ ہائے علمیہ، بالخصوص شیعہ اور سنی علماء ، پاکستان کے غیور عوام ، مرحوم کی اہلیہ اور فرزندوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں ۔مرحوم و مغفور کی مغفرت اور بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل اور اجر عظیم کی بارگاہ الٰہی میں دعا گو ہوں ۔
مرحوم ممتاز عالم دین ،پاکستان اور برصغیر کے حساس حالات میں ، اسلامی اور پیغمبر اکرم و اہل بیت علیہم السلام کے تعلیمات کو پھیلانے میں مصروف عمل تھے اور مذاہب کے مابین وحدت و اتحادکے علمبرداروں میں سے ایک تھے،مرحوم کو پاکستانی سنی اور شیعہ علماء کرام کے مابین ایک عظیم مقام حاصل تھا اور اسلامی انقلاب کے آغاز میں اور پاکستانی مذہبی، ثقافتی معاشرے میں ، خاص طور پر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی کونسل اور حوزہ ہائے علمیہ پاکستان کے مابین نمایاں کارکردگی اور خدمات سمیت دیگر مذہبی،سیاسی اور سماجی اداروں میں ان کی قابل قدر علمی شخصیت قابل ذکر ہے ۔
خداوند کریم! مرحوم و مغفور کو اپنے اجداد ائمہ اطہار علیہم السلام کے ساتھ محشور فرما۔
علی رضا اعرافی
سربراہ حوزہ علمیہ ایران
قم المقدسہ
12 ربیع الاول 1442ھ