حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین محمد مہدی ابراہیمی فر جو کہ اندرون اور بیرونِ ملک متعدد مدارس کے بانی اور فعال حوزوی مبلغین میں سے ایک تھے، نے دار فانی کو الوداع کہہ دیا۔
بنگلہ دیش میں جامعۃ المصطفی کے نمائندہ، گنبد کاووس میں حوزہ علمیہ کے سربراہ، مدرسۃ الزہراء (س) ڈھاکہ (بنگلہ دیشی دارالحکومت) کے بانی، بنگلہ دیش میں "کلما اسلامک سیکورٹی سینٹر" کے سربراہ؛ ہندوستان، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کے حوزاتِ علمیہ کی نگرانی کے امور میں سپروائزری انچارج، جامعۃ المصطفی کے تعلیمی امور میں ذمہ دار، گنبد کاووس میں حوزہ علمیہ الزہراء (س) کے بانی اور کئی سالوں سے "بعثہ" میں مبلغِ کاروان کے طور پر خدمات کی انجام دہی حجت الاسلام والمسلمین محمد مہدی ابراہیمی فر کی سابقہ تبلیغی سرگرمیوں میں سے ہیں۔
مرحوم حجت الاسلام والمسلمین محمد مہدی ابراہیمی فر، گنبدِ کاووس کے معروف روحانی اور مبلغ دین استاد علی اکبر ابراہیمی فر کے بیٹے اور حوزہ نیوز ایجنسی کے بین الاقوامی شعبہ کے انچارج جناب مرتضی سعیدی نجفی کے سسر تھے اور وہ دو سال تک دفاعِ مقدس کے محاذوں پر حق کی باطل کے خلاف جنگ میں بھی موجود رہے۔
حوزہ نیوز ایجنسی شعبہ اردو اس عظیم فقدان پر حوزہ نیوز ایجنسی کے بین الاقوامی شعبہ کے انچارج جناب مرتضی سعیدی نجفی، ان کے خانوادہ اور مرحوم کے پسماندگان کی خدمت میں تسلیت و تعزیت پیش کرتے ہوئے مرحوم کے علو درجات اور غفرانِ رحمت کے لئے دعاگو ہے۔