حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وقت کے مطابق آج صبح 10:30 بجے حضرت آیت اللہ صافی گلپائیگانی (رہ) کی تشییع جنازہ ایران کے شہر قم المقدسہ کے جہاد اسکوائر میں واقع مدرسہ امام خمینی (رہ) کے سامنے سے حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی طرف شروع ہوئی۔جو ایک جلوس کی شکل میں حرم معصومہ قم سلام اللہ علیہا تک گیا۔لوگ نم آنکھوں کے ساتھ اپنے ہاتھوں میں آیت اللہ العظمی صافی گلپائیگانی کی تصاویر کو لئے ہوئے تھے۔ اور لاکھوں کی تعداد میں سوگواران مرحوم کی علمی اور دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے تھے۔
حرم مطہر حضرت معصومہ قم (س) میں پہونچ کر مرحوم مرجع تقلید کے پیکرِ مطہر کو ضریح مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے طواف کے بعد آپکی نماز جنازہ آیت اللہ کریمی جھرمی کی امامت میں ادا کی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ نماز جنازہ میں مجتہدین عظام، سیاسی و مذہبی رہنماؤں، علمائے کرام، سماجی شخصیات سمیت ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ تشییع جنازہ کے مناظر کو ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے پر براہ راست نشر بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ تقویٰ اور فقاہت کے پیکر مرحوم کا جسد اطہر ان کی وصیت کے مطابق سید الشہداء حضرت ابا عبداللہ الحسین علیہ السلام کے حرم میں دفن کیا جائے گا، انشاء اللہ۔
یاد رہے کہ رہبر معظم انقلابِ اسلامی کی جانب سے حضرت آیت اللہ صافی گلپائیگانی کی مجلسِ ترحیم آج رات نمازِ مغربین کے بعد مسجد امام حسن عسکری ( ع) قم میں منعقد کی جائے گی۔