حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ قرآن و اہلِ بیتؑ حیدرآباد دکن کے مؤسس و مدیر مولانا میرزا مصطفٰی علی خان نے مرجع تقلید آیت الله شیخ حسین وحید خراسانی کے سانحہِ ارتحال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمِ اسلام اور مکتبِ اہلِ بیتؑ کی عظیم علمی و روحانی شخصیت، فقیہِ اہلِ بیتؑ اور مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت کی خبر انتہائی رنج و غم اور افسوس کا باعث ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی علومِ آلِ محمدؑ کی ترویج، دینی معارف کی اشاعت، حوزاتِ علمیہ کی سرپرستی اور مکتبِ اہلِ بیتؑ کی خدمت میں گزاری۔ بالخصوص ایامِ فاطمیہ کے احیاء اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و فضائل کی تبلیغ، تحقیق اور ترویج کے سلسلے میں آپ کی گراں قدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
مدرسہ قرآن و اہلِ بیتؑ حیدرآباد دکن کے مؤسس نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانی کا سانحۂ ارتحال حوزاتِ علمیہ، علمائے کرام، شاگردوں اور تمام محبین و پیروانِ اہلِ بیتؑ کے لیے ایک عظیم علمی و روحانی نقصان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مدرسہ قرآن و اہلِ بیتؑ، حیدرآباد دکن کی جانب سے تمام مراجعِ عظام، علمائے کرام، حوزاتِ علمیہ، مقلدین، شاگردوں، ذاکرین، نوحہ خوانان، مرثیہ خوانان اور تمام محبینِ اہلِ بیتؑ، بالخصوص حضرت بقیۃ اللہ الاعظم امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی بارگاہ میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کی جاتی ہے۔ بارگاہِ خداوندِ متعال میں دعا ہے کہ مرحوم کی روحِ مطہر کو جوارِ رحمتِ الٰہی اور قربِ محمد و آلِ محمدؑ میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، انہیں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے جوار میں محشور فرمائے، ان کی دینی و علمی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور تمام پسماندگان، شاگردوں، شائقین اور متعلقین کو صبرِ جمیل اور اجرِ جزیل عطا فرمائے۔











آپ کا تبصرہ